سابق بھارتی کرکٹر یووراج سنگھ کے والد یوگراج سنگھ کی جانب سے پاکستانی کرکٹ ٹیم کو بہتر بنانے کے عزم اور سابق پاکستانی کرکٹرز پر تنقید کے بعد وسیم اکرم کا ردِ عمل سامنے آگیا۔
سابق پاکستانی کرکٹر اپنے ردِ عمل میں اس بات کی وضاحت کی کہ وہ کیوں باضابطہ طور پر پاکستانی ٹیم کے لیے کام کرنے سے گریزاں ہیں۔خیال رہے کہ 29 سال کے انتظار کے بعد آئی سی سی ایونٹ کی میزبانی کرنے والے پاکستان کا چیمپئنز ٹرافی 2025 میں سفر ٹورنامنٹ شروع ہونے کے پانچ دنوں کے اندر ہی ختم ہوگیا اور قومی ٹیم ایک بھی میچ جیتنے میں ناکام رہی۔
ابتدائی میچ میں نیوزی لینڈ کے ہاتھوں 60 رنز اور پھر بھارت سے 6 وکٹوں کی شکست کے بعد بنگلہ دیش کے ساتھ میچ بارش کی نذر ہونے کی وجہ سے میزبان ٹیم ایک پوائنٹ حاصل کرسکی۔ایسے میں سوئنگ کے سلطان کے نام سے مشہور سابق کپتان نے پاکستانی ٹیم کو شدید تنقید بلکہ یہاں تک کہہ ڈالا کہ ‘اتنے کیلے تو بندر نہیں کھاتے’۔
ان کا یہ بیان سابق بھارتی کرکٹر یوگراج سنگھ کو بالکل پسند نہیں آیا اور انہوں نے وسیم اکرم کو ڈانٹ پلادی۔یوگراج سنگھ نے اس تبصرے پر ان پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ وسیم اور شعیب جیسے عظیم لوگوں کو کھلاڑیوں کی مدد کرنے کے بجائے ایسی باتیں کرنے پر ‘خود پر شرم آنی چاہیے’ ساتھ ہی اسٹوڈیو میں بیٹھ کر باتیں کرنے کے بجائے کیمپ لگا کر ٹیم کی مدد کرنے کا بھی مشورہ دیا تھا۔


