Search
Close this search box.
جمعرات ,04 جون ,2026ء

ایشیاء کپ سپرفورمرحلہ:پاکستان کی فائنل میں رسائی کے امکانات روشن

دبئی(نیوز ڈیسک) ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی کے سپر فور مرحلے میں پاکستان نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سری لنکا کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر نہ صرف قیمتی دو پوائنٹس حاصل کیے بلکہ فائنل میں رسائی کی امیدوں کو بھی برقرار رکھا۔

منگل کو ابوظبی کے شیخ زید اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس اہم میچ میں پاکستان کے کپتان سلمان علی آغا نے ٹاس جیت کر سری لنکا کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ گرین شرٹس کے اس فیصلے کو گیند بازوں نے درست ثابت کیا اور شاندار بولنگ کے ذریعے حریف ٹیم کو دباؤ میں رکھا۔

سری لنکن ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر صرف 133 رنز بنائے۔ کامندو مینڈس 50 رنز کے ساتھ نمایاں رہے جبکہ باقی بلے باز پاکستانی بولرز کے سامنے زیادہ دیر تک نہ ٹھہر سکے۔ پاکستان کی جانب سے فاسٹ بولرز اور اسپنرز نے شاندار کارکردگی دکھائی اور نپی تلی گیند بازی سے سری لنکا کے رنز بنانے کے مواقع محدود کر دیے۔

ہدف کے تعاقب میں پاکستان نے پراعتماد آغاز کیا اور چند ابتدائی جھٹکوں کے باوجود 18 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 134 رنز بنا کر میچ اپنے نام کر لیا۔ اس کامیابی کے بعد پاکستان کے پوائنٹس کی تعداد دو ہوگئی ہے اور وہ پوائنٹس ٹیبل پر بھارت کے بعد دوسرے نمبر پر پہنچ گیا ہے۔ بھارت ایک میچ کھیل کر دو پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر موجود ہے جبکہ بنگلادیش ایک میچ کھیل کر ایک کامیابی کی بنیاد پر تیسرے نمبر پر ہے۔ سری لنکا مسلسل دو میچز ہارنے کے بعد بغیر کسی پوائنٹس کے سب سے نیچے ہے اور اس کے لیے ٹورنامنٹ کا سفر تقریباً ختم ہوچکا ہے۔

پاکستان کے فائنل تک رسائی کے امکانات اب بنگلادیش کے خلاف آئندہ میچ پر منحصر ہیں۔ سب سے آسان راستہ یہ ہے کہ پاکستان اپنا آخری میچ جیتے اور بھارت اپنے بقیہ دونوں میچز (بنگلادیش اور سری لنکا کے خلاف) میں کامیابی حاصل کرے۔ اس صورت میں بھارت 6 پوائنٹس اور پاکستان 4 پوائنٹس کے ساتھ فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیں گے۔ تاہم اگر بھارت بنگلادیش کے ہاتھوں شکست کھا جاتا ہے تو صورتحال پیچیدہ ہو سکتی ہے اور فیصلہ نیٹ رن ریٹ کی بنیاد پر ہوگا۔

مزید پڑھیں۔آزادکشمیر میں ہڑتال اور احتجاجی کال،وفاقی حکومت کا مذاکرات کا فیصلہ

یہ بھی پڑھیں