Search
Close this search box.
جمعه ,12 جون ,2026ء

وسیم اکرم نے اعظم خان کا ہاتھ توڑ دیا معین خان نے کال کرکے فاسٹ بولر کو کیا کہا؟

کراچی(سپورٹس ڈیسک)پاکستانی کرکٹر اعظم خان نے قومی ٹیم کے سابق کپتان اور فاسٹ بولر وسیم اکرم کے حوالے سے ایک یادگار واقعہ سنایا جس میں انہوں نے قومی کرکٹر کا ہاتھ توڑ دیا تھا۔

ایک انٹرویو میں اعظم خان نے واقعے کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ وسیم اکرم نے کراچی میں فاسٹ بولرز کے لیے ایک تربیتی کیمپ لگایا تھا۔ شام کے وقت وہ بیٹسمینوں اور وکٹ کیپرز کو بلایا کرتے تھے تاکہ انہیں پریکٹس کروا سکیں۔

اعظم خان نے بتایا کہ ایک دن وسیم انکل نے مجھے بلایا اور کہا کہ پیڈ پہنو۔ میں اچھی بیٹنگ کر رہا تھا اور شاٹس مار رہا تھا، جس پر وہ بولے کہ پندرہ سال کا لڑکا تم سب کو مار رہا ہے، لاؤ بال مجھے دو۔

انہوں نے مزید کہا کہ جب وسیم اکرم نے بولنگ شروع کی تو انہوں نے کہا کہ میں آؤٹ سوئنگ کر رہا ہوں، میں نے گیند چھوڑ دی لیکن وہ سیدھی میرے بازو پر لگی اور کچھ دیر بعد بازو میں شدید درد شروع ہو گیا۔

اعظم خان کے مطابق، ایک گھنٹے بعد میں رکشہ لے کر گھر جا رہا تھا، جب پیسے نکالنے لگا تو میرا ہاتھ سیدھا نہیں ہو رہا تھا۔ میں نے فوراً والد کو فون کیا اور کہا کہ مجھے پک کر لیں، میرا لگتا ہے ہاتھ ٹوٹ گیا ہے۔ والد نے پوچھا کس نے توڑا تو میں نے کہا، وسیم انکل نے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ابو (معین خان) نے وسیم اکرم کو فون کیا اور کہا کہ آپ نے بھتیجے کا ہاتھ توڑ دیا ہے، تو وسیم انکل بولے کہ نہیں یار میں نے تو بڑے آرام سے بال کرائی تھی۔

اعظم خان نے ہنستے ہوئے مزید بتایا کہ ’میں والد کے ساتھ اسپتال جا رہا تھا تو راستے میں ایک ریسٹورنٹ آیا۔ میں نے کہا کہ اسپتال آگیا؟ تو والد بولے کہ پہلے کچھ کھا لیتے ہیں۔ میں نے کہا ہاتھ ٹوٹا ہوا ہے، تو انہوں نے کہا کوئی بات نہیں، پہلے سینڈوچ کھاتے ہیں، پھر اسپتال چلتے ہیں۔ چنانچہ ہم نے پہلے سینڈوچ کھایا، پھر اسپتال گئے‘۔
مزیدپڑھیں:حکومت نےکسٹم افسران و ملازمین کے بچوں کے لیے تعلیمی فنڈز کا اعلان کر دیا

یہ بھی پڑھیں