Search
Close this search box.
هفته ,20 جون ,2026ء

محمد رضوان کو ملتان سلطانز کی کپتانی سے ہٹائے جانے کا امکان

لاہور(نیوز ڈیسک)پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی فرنچائز ملتان سلطانز میں بڑی تبدیلیوں کے آثار نظر آ رہے ہیں، اور اطلاعات کے مطابق ٹیم کے موجودہ کپتان محمد رضوان کی کپتانی خطرے میں ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ رضوان کو آئندہ سیزن سے کپتان کے عہدے سے ہٹایا جا سکتا ہے۔

ذرائع ابلاغ کے مطابق اس تبدیلی کی بڑی وجہ یہ ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) 2026 میں ہونے والے پی ایس ایل 11 سے ملتان سلطانز کا کنٹرول سنبھالنے جا رہا ہے۔ فرنچائز کا موجودہ ملکیتی معاہدہ 31 دسمبر 2025 کو ختم ہو رہا ہے، جس کے بعد پی سی بی براہِ راست ٹیم کو ایک سیزن کے لیے چلائے گا۔

ذرائع کے مطابق، پی سی بی اس عبوری سیزن کو ٹرانزیشن فیز کے طور پر دیکھ رہا ہے، جس میں ٹیم کی قیادت اور اسکواڈ کا مکمل جائزہ لیا جائے گا۔ اسی دوران محمد رضوان کی کپتانی پر نظرثانی کی جائے گی اور ممکن ہے کہ ٹیم کو نیا کپتان دیا جائے۔

صرف کپتانی ہی نہیں بلکہ ٹیم کے کئی سینئر کھلاڑیوں کے مستقبل پر بھی سوالات اٹھ رہے ہیں۔ پی سی بی کی جانب سے کارکردگی کی بنیاد پر ٹیم میں بڑی تبدیلیاں کی جا سکتی ہیں، تاکہ فرنچائز کو نئے انداز سے آگے بڑھایا جا سکے۔

یہ پیش رفت ملتان سلطانز کے مالک علی ترین کی فرنچائز سے علیحدگی کے بعد سامنے آئی ہے۔ نومبر میں علی ترین نے اعلان کیا تھا کہ وہ ملتان سلطانز کے ساتھ مزید نہیں چل سکتے، جس کے بعد پی سی بی اور فرنچائز کے درمیان معاملات نے نیا رخ اختیار کیا۔

محمد رضوان کی قیادت میں ملتان سلطانز نے ماضی میں شاندار کارکردگی دکھائی ہے، اسی لیے شائقین کرکٹ اس ممکنہ تبدیلی پر حیران بھی ہیں۔ اب سب کی نظریں پی سی بی کے حتمی فیصلے پر لگی ہوئی ہیں، جو جلد سامنے آنے کی توقع ہے۔
مزیدپڑھیں:اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کا شیڈول جاری

یہ بھی پڑھیں