دبئی (اوصاف نیوز) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے امریکا کی ویمنز کرکٹ ٹیم کی آل راؤنڈر اِسانی واگھیلا کے بولنگ کرانے پر پابندی عائد کر دی ہے۔
آئی سی سی کے مطابق یہ پابندی غیر قانونی بولنگ ایکشن کے باعث لگائی گئی ہے، جس کے بعد وہ بین الاقوامی کرکٹ میں بولنگ نہیں کرا سکیں گی۔
آئی سی سی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق یہ فیصلہ ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کوالیفائر میں آئرلینڈ کے خلاف میچ کے دوران میچ آفیشلز کی شکایت پر کیا گیا۔ شکایت موصول ہونے کے بعد آئی سی سی کے ایونٹ پینل نے معاملے کا تفصیلی جائزہ لیا۔
پینل نے آئرلینڈ کے خلاف میچ کے بعد پاپوا نیو گنی کے خلاف کھیلے گئے اگلے میچ میں اِسانی واگھیلا کے بولنگ ایکشن کا تجزیہ کیا، جس کے بعد اس نتیجے پر پہنچا گیا کہ ان کا ایکشن آئی سی سی کے قوانین کے مطابق درست نہیں ہے۔ اس بنیاد پر آل راؤنڈر پر فوری طور پر بولنگ کی پابندی عائد کر دی گئی۔
آئی سی سی کے مطابق یہ پابندی اس وقت تک برقرار رہے گی جب تک اِسانی واگھیلا اپنا بولنگ ایکشن درست کر کے دوبارہ باضابطہ ٹیسٹ پاس نہیں کر لیتیں۔ کامیاب ٹیسٹ کے بعد ہی انہیں بین الاقوامی سطح پر دوبارہ بولنگ کی اجازت دی جائے گی۔
واضح رہے کہ 20 سالہ میڈیم پیسر اِسانی واگھیلا نے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں ڈیبیو 2021 میں کیا تھا، جبکہ ایک روزہ کرکٹ میں انہوں نے 2024 میں قدم رکھا۔ کم عمری کے باوجود وہ امریکا کی ویمنز ٹیم کی اہم آل راؤنڈر سمجھی جاتی ہیں۔
کرکٹ ماہرین کا کہنا ہے کہ غیر قانونی بولنگ ایکشن کے خلاف آئی سی سی کی جانب سے سخت اقدامات کھیل میں شفافیت اور منصفانہ مقابلے کو یقینی بنانے کیلئے ضروری ہیں، تاہم نوجوان کھلاڑیوں کیلئے ایکشن درست کرنے کا موقع دینا بھی ایک مثبت قدم ہے۔
مزید پڑھیں: پنجاب میں 6 اور 7 فروری کو تعطیل کا اعلان


