نیوزی لینڈ کی مایہ ناز آل راؤنڈر سوزی بیٹس(Suzie Bates) نے ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے، جس کے ساتھ ہی ان کے تقریباً دو دہائیوں پر محیط شاندار کیریئر کا اختتام ہوگا۔
رپورٹس کے مطابق سوزی بیٹس آئندہ سال انگلینڈ میں ہونے والے عالمی ایونٹ کے بعد کرکٹ کو خیرباد کہہ دیں گی۔ حال ہی میں انجری سے صحت یاب ہونے کے بعد وہ ٹیم میں واپسی کر چکی ہیں اور متوقع طور پر 15 رکنی اسکواڈ کا حصہ ہوں گی جو ٹائٹل کے دفاع کے لیے انگلینڈ کا دورہ کرے گا۔
اپنے بیان میں بیٹس کا کہنا تھا کہ وقت بہت تیزی سے گزر گیا اور اپنے ملک کی نمائندگی کرنا ہمیشہ ان کے لیے باعثِ فخر رہا۔ انہوں نے کہا کہ ان کا آخری ہدف ایک اور ورلڈ کپ جیتنا ہے۔
مزیدپڑھیں:اپنا سولر سسٹم لگانے والے لائسنس سے بچ گئے
2006 میں ڈیبیو کرنے والی سوزی بیٹس ویمنز ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والی کھلاڑیوں میں شمار ہوتی ہیں، جبکہ ون ڈے فارمیٹ میں بھی ان کی کارکردگی نمایاں رہی ہے۔ وہ 2011 سے کئی سال تک ٹیم کی قیادت بھی کر چکی ہیں۔
نیوزی لینڈ کی موجودہ کپتان امیلیا کر نے سوزی بیٹس کو تاریخ کی عظیم ترین کھلاڑیوں میں شامل قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی خدمات اور کارنامے ہمیشہ یاد رکھے جائیں گے۔



