وفاقی دارالحکومت میں سولر انرجی سے متعلق نئی پالیسی کے تحت نیٹ میٹرنگ صارفین کے لیے اہم تبدیلیاں متعارف کرا دی گئی ہیں، جس کے بعد گھریلو اور کمرشل صارفین کو باقاعدہ لائسنسنگ نظام سے گزرنا ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق نئے نظام کے تحت نیٹ میٹرنگ کے بجائے net billing کا طریقہ کار نافذ کیا جا رہا ہے، جس کا مقصد بجلی کے قومی گرڈ کے ساتھ سولر توانائی کے مؤثر انضمام کو یقینی بنانا ہے۔
پالیسی کے تحت اب تمام سولر صارفین، چاہے ان کا لوڈ 25 کلو واٹ سے کم ہو یا زیادہ، کو نیپرا سے لائسنس حاصل کرنا لازمی ہوگا۔ اس سے قبل یہ شرط صرف زیادہ لوڈ والے صارفین پر لاگو تھی، تاہم اب اس کا دائرہ کار وسیع کر دیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق اس اقدام سے چھوٹے اور بڑے دونوں سطح کے صارفین کو ایک ریگولیٹری فریم ورک میں لایا جائے گا، تاکہ نظام میں شفافیت اور استحکام برقرار رکھا جا سکے اور بجلی کے گرڈ پر بڑھتے دباؤ کو بہتر انداز میں منظم کیا جا سکے۔
مزیدپڑھیں:پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں رواں ہفتے کیلئے برقرار رہنے کا امکان
دوسری جانب off grid سولر سسٹمز استعمال کرنے والے صارفین اس نئی شرط سے مستثنیٰ ہوں گے اور انہیں کسی قسم کے لائسنس کی ضرورت نہیں ہوگی۔
توانائی ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ پالیسی ملک میں تیزی سے بڑھتی سولر انرجی کو ریگولیٹ کرنے اور مستقبل میں توانائی کے نظام کو مستحکم بنانے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔
