ممبئی (نیوز ڈیسک ) بھارتی کرکٹ بورڈ نے سوریا کمار یادیو کو ٹی 20 کپتانی سے ہٹا دیا جبکہ خراب فارم کی وجہ سے انہیں ٹیم سے بھی باہر کر دیا گیا ہے۔نجی ٹی وی نیوز چینل کے مطابق ہوم گراؤنڈ پر ٹیم کو ٹی 20 ورلڈ کپ جتوانے کے تین ماہ بعد سوریا کمار یادیو کو کپتانی سے ہٹا دیا گیا ہے جبکہ یہ فیصلہ رواں ماہ کے آخر میں شروع ہونے والے آئرلینڈ اور انگلینڈ کے دوروں سے قبل کیا گیا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق بی سی سی آئی، ٹیم مینجمنٹ اور سلیکشن کمیٹی کے ساتھ مشاورت کے بعد نئے کپتان کا تقرر کرے گا۔
بی سی سی آئی کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے ‘دی انڈین ایکسپریس’ کو بتایا کہ سلیکشن کمیٹی، بی سی سی آئی اور ٹیم مینجمنٹ نے کوچ گوتم گمبھیر سے مشاورت کے بعد یہ فیصلہ کیا ہے کہ بھارت کو اب یہاں سے ایک نئے کپتان کے ساتھ آگے بڑھنا چاہیے۔ سوریا کی کپتانی میں ٹیم نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ ضرور جیتا لیکن ان کی حالیہ فارم اور مستقبل کو مدنظر رکھتے ہوئے، سب کا یہی خیال تھا کہ اب آگے بڑھنے کا وقت آ گیا ہے۔
بطور بلے باز سوریا کی فارم ایک بڑی تشویش کا باعث بنی ہوئی تھی اور وہ گزشتہ دو سالوں سے خاطر خواہ کارکردگی نہیں دکھا سکے۔
اگرچہ انہوں نے راجستھان رائلز کے خلاف نصف سنچری بنا کر اپنے سیزن کا اختتام کیا لیکن وہ اس سیزن کی 13 اننگز میں 20.76 کی اوسط سے صرف 270 رنز ہی بنا سکے۔
یاد رہے کہ 2024 میں ویسٹ انڈیز میں ورلڈ کپ کی جیت کے بعد جب روہت شرما اس فارمیٹ سے ریٹائر ہوئے، تو بھارت کی ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کی کپتانی سوریا کے سپرد کی گئی تھی۔
مزید پڑھیں۔


