لاہور(نیوز ڈیسک) پاکستان نے آسٹریلیا کے خلاف تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کے فیصلہ کن مقابلے میں 4 وکٹوں سے کامیابی حاصل کرکے سیریز اپنے نام کرلی۔
قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے میچ میں آسٹریلیا کی پوری ٹیم 42 اوورز میں 157 رنز پر آؤٹ ہوگئی، جس کے جواب میں پاکستان نے ہدف 41.5 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔
آسٹریلیا کی جانب سے کپتان جوش انگلس 65 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ مارنس لبوشین 19 اور الیکس کیری 19 رنز اسکور کر سکے۔ دیگر بیٹرز پاکستانی بولرز کے سامنے زیادہ مزاحمت نہ کر سکے۔
پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے تباہ کن بولنگ کرتے ہوئے 3 وکٹیں حاصل کیں۔ ابرار احمد اور شاداب خان نے 2،2 جبکہ حارث رؤف نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
ہدف کے تعاقب میں پاکستان کا آغاز اچھا نہ تھا اور ابتدائی وکٹیں جلد گر گئیں تاہم بابر اعظم نے 40 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیل کر ٹیم کو سنبھالا۔ معاذ صداقت نے 27 رنز بنائے جبکہ آخر میں شاداب خان 29 اور عبدالصمد 18 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے اور ٹیم کو فتح سے ہمکنار کیا۔
آسٹریلیا کی جانب سے میتھیو کوہن مین نے 3 وکٹیں حاصل کیں، تاہم وہ اپنی ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکے۔ اس فتح کے ساتھ پاکستان نے سیریز جیت کر شائقین کرکٹ کو خوشی کا بڑا تحفہ دے دیا۔
مزید پڑھیں۔سونے کی قیمت میں دوسرے روز بھی بڑی کمی


