Search
Close this search box.
جمعه ,19 جون ,2026ء

بیٹنگ کے دوران کھلاڑی دل کا دورہ پڑنے سے جاں بحق

دبئی(نیوز ڈیسک)دبئی میں مقیم 38 سالہ بھارتی نژاد کرکٹر محمد سفوان شانو کرکٹ میچ کے دوران گر کر انتقال کر گئے، مرحوم کی تدفین میں بڑی تعداد میں افراد نے شرکت کی جبکہ ان کے والدین آخری رسومات میں شرکت کے لیے بھارت سے دبئی پہنچے۔

سفوان شانو جو گزشتہ 15 برس سے متحدہ عرب امارات میں مقیم تھے اتوار کی صبح معمول کے ہفتہ وار کرکٹ میچ کے دوران بیٹنگ کرتے ہوئے اچانک زمین پر گر پڑے اور بے ہوش ہو گئے،ساتھی کھلاڑیوں نے فوری طور پر انہیں طبی امداد فراہم کی اور ایمبولینس طلب کی تاہم اسپتال پہنچنے پر ڈاکٹروں نے ان کی موت کی تصدیق کر دی۔

سفوان کے قریبی دوست نبیل نے بتایا کہ میچ کے دوران سب کچھ معمول کے مطابق تھا اور کسی بھی قسم کی بیماری یا تکلیف کے آثار موجود نہیں تھے، ان کے مطابق سفوان اچانک بیٹنگ کے دوران گر گئے اور انہیں فوری طور پر طبی امداد دی گئی تاہم وہ جانبر نہ ہو سکے۔

سفوان شانو گزشتہ کئی سالوں سے دبئی میں کرکٹ کمیونٹی کا فعال حصہ تھے، وہ مختلف مقامی ٹیموں کی نمائندگی اور کپتانی بھی کر چکے تھے جبکہ متعدد ٹورنامنٹس میں بہترین کارکردگی پر انہوں نے انعامات حاصل کیے۔

ان کے دوستوں اور ساتھی کھلاڑیوں نے انہیں ایک باصلاحیت بلے باز اور انتہائی خوش اخلاق انسان قرار دیا ہے جو ہر کسی کے ساتھ محبت اور احترام سے پیش آتے تھے۔

سفوان کی اچانک وفات کی خبر ملنے پر ان کے والدین فوری طور پر بھارت سے دبئی روانہ ہوئے۔ اہل خانہ اور قریبی افراد نے فوری طور پر ویزا اور سفری دستاویزات کے انتظامات مکمل کر کے انہیں دبئی پہنچایا تاکہ وہ اپنے بیٹے کی آخری رسومات میں شریک ہو سکیں۔

محمد سفوان شانو کا تعلق بھارتی ریاست کرناٹک کے علاقے بھٹکل سے تھا۔ وہ اپنے پیچھے اہلیہ، تین بیٹے اور چار ماہ کی ایک بیٹی چھوڑ گئے ہیں۔ دوستوں کے مطابق سفوان کو صرف ان کی کرکٹ کامیابیوں کے لیے نہیں بلکہ ان کی نرم مزاج شخصیت اور کھیل سے محبت کے لیے بھی یاد رکھا جائے گا۔

مزید پڑھیں۔فیفا ورلڈ کپ میں لیونل میسی کی شاندار ہیٹ ٹرک ، ارجنٹینا نے الجزائر کو شکست دیدی

یہ بھی پڑھیں