میکسیکو(نیوز ڈیسک)پرتگال کے عالمی شہرت یافتہ فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو نے فیفا ورلڈ کپ میں ایک اور تاریخی سنگِ میل عبور کرتے ہوئے نیا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا۔
رونالڈو دنیا کے پہلے کھلاڑی بن گئے ہیں جنہوں نے ورلڈ کپ کے چھ مختلف ایڈیشنز میں گول کرنے کا اعزاز حاصل کیا۔ انہوں نے یہ منفرد کارنامہ ازبکستان کے خلاف میچ کے دوران انجام دیا۔
میچ کے چھٹے منٹ میں رونالڈو نے جواؤ کینسلو کے شاندار کراس پر دائیں پیر سے گیند کو جال کی راہ دکھائی اور ورلڈ کپ کی تاریخ میں اپنا نام ایک اور منفرد ریکارڈ کے ساتھ درج کرا لیا۔
اس سے قبل رونالڈو 2006، 2010 اور 2014 کے ورلڈ کپ میں ایک، ایک گول جبکہ 2018 کے ایڈیشن میں چار گول کر چکے تھے۔ 2022 کے ورلڈ کپ میں بھی انہوں نے ایک گول اسکور کیا تھا، اور اب نئے ایڈیشن میں گول کر کے چھ مختلف ورلڈ کپ ٹورنامنٹس میں اسکورنگ کا بے مثال اعزاز حاصل کر لیا ہے۔
مزید برآں، 41 سالہ رونالڈو ورلڈ کپ کی تاریخ کے دوسرے معمر ترین گول اسکورر بھی بن گئے ہیں۔ اس فہرست میں پہلا نمبر کیمرون کے لیجنڈری فٹبالر راجر میلا کے پاس ہے، جن کا ریکارڈ تاحال برقرار ہے۔
دوسری جانب ارجنٹائن کے اسٹار فٹبالر لیونل میسی بھی اپنے چھٹے ورلڈ کپ میں شریک ہیں، تاہم وہ ہر ورلڈ کپ ایڈیشن میں گول کرنے کا اعزاز حاصل نہیں کر سکے۔
مزید پڑھیں۔موجودہ صورتحال میں پاکستان کی تمام سیاسی جماعتیں اکٹھا ہو کر مقابلہ کریں، بلاول بھٹو زرداری


