یوٹیوب میں آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ٹیکنالوجی پر مبنی فیچر Jump Ahead متعارف کرایا گیا ہے۔یہ فیچر یوٹیوب پریمیئم کے صارفین کو دستیاب ہوگا اور فی الحال صرف اینڈرائیڈ ڈیوائسز پر ہی اسے استعمال کیا جا سکتا ہے۔ اس کے ذریعے صارفین کو کسی ویڈیو کو پورا دیکھنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔
درحقیقت یہ فیچر صارفین کو براہ راست کسی ویڈیو کے سب سے دلچسپ حصے کی جانب لے جائے گا۔ویڈیو کے دلچسپ حصے کا تعین واچ ڈیٹا اور اے آئی ٹیکنالوجی کی مدد سے کیا جائے گا۔اگر آپ کسی ویڈیو کو پورا دیکھنے کی بجائے صرف اس کا بہترین حصہ دیکھنا پسند کرتے ہیں تو یہ ایک کارآمد فیچر ثابت ہوگا۔اس سے یہ عندیہ بھی ملتا ہے کہ گوگل کی جانب سے یوٹیوب میں اے آئی ٹیکنالوجی کو ہر شعبے میں شامل کیا جا رہا ہے۔
اس کے لیے کسی ویڈیو کو اوپن کرکے اسکرین کے دائیں جانب انگلی سے 2 جانب کلک کریں۔یعنی جس طرح ویڈیو کو 10 سیکنڈ آگے کیا جاتا ہے، ویسا کرنے سے Jump Ahead بٹن دائیں جانب نیچے اسکرین پر نظر آئے گا۔اس پر کلک کرنے پر آپ ویڈیو کے بہترین حصے کو دیکھ سکیں گے۔


