اسلام آباد(نیوزڈیسک) آج سے ملک کے بیشترعلاقوں میں سردی بڑھنے کا امکان جبکہ اسلام آباد سمیت بالائی علاقوں میں مزید بارش اور پہاڑوں پر برفباری متوقع ہے ۔ دوسری جانب بالائی خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں بادل برس پڑے، پہاڑوں میں برفباری سے ہرطرف سفیدی چھاگئی۔
شمالی بلوچستان میں بھی پارہ نیچے گرگیا، سردی مزید خون جمائے گی، گزشتہ روز سب سے زیادہ سردی لہہ میں پڑی جہاں درجہ حرارت منفی 10 ریکارڈ کیا گیا۔ اس کے علاوہ اسکردو میں منفی 9، قلات میں منفی 7، کوئٹہ منفی 2 اور مالم جبہ میں منفی ایک تک پارہ گرا۔
محکمہ موسمیات نے آج بیشترعلاقوں میں سردی بڑھنے کی پیش گوئی کردی، بالائی خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان، کشمیر، بالائی پنجاب، خطہ پوٹھوہار اور اسلام آباد میں گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ پہاڑوں پر برفباری اور چند مقامات پر ژالہ باری کا امکان ہے۔
موسم کا احوال بتانے والوں کا کہنا ہے کہ ملک کے دیگر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا۔ادھر کراچی میں صبح سویرے درجہ حرارت 13 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا، آج سے سردی کی شدت میں اضافے کا امکان ہے جبکہ لوگوں نے گرم ملبوسات نکال لئے۔صوبہ سندھ سمیت ملک کے بیشتر علاقوں میں آج سے بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی توقع ہے۔
باغیوں کا شامی دارالحکومت دمشق پر قبضہ،صدر بشار الاسد فرار ، روئٹر اور سیرین آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس کا دعویٰ
