مون سون بارشوں کی پیش گوئی کے حوالے سے محکمہ موسمیات نے رواں سال کے لیے اہم اندازہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں اس بار مون سون کا آغاز جولائی کے پہلے ہفتے میں متوقع ہے، تاہم مجموعی طور پر بارشیں معمول سے کم ہونے کا امکان ہے۔
ڈی جی محکمہ موسمیات ڈاکٹر افضال کے مطابق رواں سال مون سون کا سلسلہ وقفے وقفے سے سرگرم رہے گا اور مسلسل بارشوں کے بجائے مختلف اوقات میں بارش برسنے کی توقع ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگرچہ شمالی علاقوں میں معمول کے مطابق بارشیں ہوسکتی ہیں، لیکن ملک کے بیشتر میدانی علاقوں میں بارشوں کی مقدار معمول سے کم رہنے کا امکان ہے۔
انہوں نے بتایا کہ گلگت بلتستان اور بالائی خیبرپختونخوا میں مون سون کی بارشیں معمول کے مطابق متوقع ہیں، جبکہ پنجاب، سندھ اور دیگر میدانی علاقوں میں بارشوں کی شدت اور مقدار نسبتاً کم رہ سکتی ہے۔
ڈی جی محکمہ موسمیات نے مزید کہا کہ مون سون کے دوران درجہ حرارت بھی معمول سے زیادہ رہنے کا امکان ہے۔ فضاء میں نمی کے تناسب میں اضافے کی وجہ سے گرمی کی شدت زیادہ محسوس ہوگی، جس کے باعث شہریوں کو حبس اور شدید گرمی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
ماہرین نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ موسم کی تازہ صورتحال پر نظر رکھیں، غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز کریں، پانی کا زیادہ استعمال کریں اور محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری ہونے والی ہدایات پر عمل کریں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق موسم کی صورتحال میں تبدیلی کے پیش نظر آئندہ دنوں میں مزید اپ ڈیٹس بھی جاری کی جائیں گی تاکہ عوام اور متعلقہ ادارے بروقت حفاظتی اقدامات کر سکیں۔

