Search
Close this search box.
هفته ,27 جون ,2026ء

شمالی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ، این ڈی ایم اے نے اہم الرٹ جاری کر دیا

اسلام آباد: این ڈی ایم اے لینڈ سلائیڈ الرٹ جاری کرتے ہوئے گلگت بلتستان، بالائی خیبرپختونخوا اور آزاد جموں و کشمیر کے مختلف پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ، پتھر گرنے اور ملبہ بہنے کے خطرات سے خبردار کر دیا ہے۔ ادارے نے شہریوں اور سیاحوں سے اپیل کی ہے کہ موسم کی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔

قومی ایمرجنسی آپریشن سینٹر (این ای او سی) کے مطابق 27 جون سے 3 جولائی تک وقفے وقفے سے بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ بارش کے ساتھ گلیشیئر تیزی سے پگھلنے کے باعث پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور سڑکیں بند ہونے کے امکانات بڑھ سکتے ہیں۔

حکام کے مطابق یہ موسمی صورتحال ادارے کی پہلے سے جاری کردہ موسمی پیش گوئی کے مطابق ہے، جس کے پیش نظر تمام متعلقہ اداروں کو بروقت الرٹ جاری کر دیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے مؤثر انداز میں نمٹا جا سکے۔

این ڈی ایم اے لینڈ سلائیڈ الرٹ میں خبردار کیا گیا ہے کہ قراقرم ہائی وے (این-35)، جگلوٹ اسکردو روڈ سمیت کئی اہم شاہراہیں لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے عارضی طور پر متاثر ہو سکتی ہیں، جس سے آمدورفت میں مشکلات پیش آنے کا خدشہ ہے۔

ضلعی انتظامیہ، ریسکیو اداروں اور صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز کو حساس مقامات کی مسلسل نگرانی، بھاری مشینری کی دستیابی اور ہنگامی ٹیموں کو ہر وقت تیار رکھنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے تاکہ ضرورت پڑنے پر فوری کارروائی کی جا سکے۔

این ڈی ایم اے نے سیاحوں اور مقامی آبادی کو ہدایت کی ہے کہ شدید بارش کے دوران یا اس کے فوراً بعد پہاڑی راستوں پر سفر سے حتیٰ الامکان گریز کریں اور مقامی انتظامیہ، ٹریفک پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ہدایات پر عمل کریں۔

ادارے نے یہ بھی خبردار کیا ہے کہ لینڈ سلائیڈنگ کے باعث بعض علاقوں میں بجلی، مواصلاتی نظام اور سڑکوں کی آمدورفت عارضی طور پر متاثر ہو سکتی ہے، جبکہ متعلقہ اداروں کو گلیشیائی جھیلوں، دریاؤں اور موسمی صورتحال کی مسلسل نگرانی جاری رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں