اسلام آباد(نیوز ڈیسک)آج بروزمنگل10دسمبر2024 ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اورخشک جبکہ پہاڑی علاقوں میں رات/صبح کے اوقات میں شدید سرد رہنے کا امکان۔ اسلام آباد، خیبرپختونخوا اور بالائی پنجاب کے میدانی علاقوں میں صبح کے اوقات میں کُہرا پڑنے کی توقع۔جنو بی پنجاب اور بالائی سندھ میں بعض مقامات پر صبح اور رات کے اوقات میں ہلکی دُھند چھائے رہنے کی توقع۔
چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز خان نے بتایا کہ ملک میں رواں موسم سرما کے دوران مجموعی طور پر معمول سے کم بارشیں ہونے کی پیشگوئی ہے۔انہوں نے بتایا کہ بلوچستان میں ماہ دسمبر کے دوران خشک سردی رہے گی رواں ماہ بارش کا امکان نہیں ہے۔ان کا کہنا تھا کہ جنوری کے اوائل میں بارش کا سسٹم بنے گا، جس سے صوبے کے شمالی علاقوں میں بارش اور برف ہوسکتی ہے۔ملک کے بالائی علاقوں میں بارش اور برفباری، سردی بڑھ گئی، پارہ منفی 7 تک گرگیا
ملک میں موسم سرما جوبن پر، پہاڑی علاقوں میں برفباری
دوسری جانب ملک میں موسم سرما جوبن پر پہنچ گیا، پہاڑی علاقوں میں برفباری جاری ہے، غذر میں جھیلیں اور آبشاریں جم گئیں، شوگران میں سیاحوں کو ریسکیو کرلیا گیا، کوئٹہ میں بھی پارہ منفی 4 تک گرگیا اور کراچی میں فرفرہواؤں نے پارہ گرادیا جبکہ محکمہ موسمیات نے 14 دسمبر تک تیز ٹھنڈ کی پیشگوئی کردی۔ملک کے بالائی علاقوں میں ہرطرف برف ہی برف ہے، جس سے پہاڑوں پرچاندی بکھرگئی، گاڑیاں، گھر اور درخت برف میں ڈھک گئے۔شوگران میں برفباری بدستور جاری ہے، سفید چادر نے سیاحتی مقام کا حُسن دوبالا کردیا جبکہ 300 محصور سیاحوں کو ریسکیو کرلیا گیا۔
سوات کے سیاحتی مقامات مالم جبہ اور کالام میں بھی برفباری جاری ہے، جہاں گرتے درجہ حرارت نے ہر چیز جمادی جبکہ مری میں برفباری رک گئی مگرنظارے نکھر گئے، اسی طرح غذر میں جھلییں اور آبشاریں جم گئیں۔گلیات میں سیاحوں کی بڑی تعداد کھنچی چلی آئی، کوئٹہ میں بھی پارہ نقطہ انجماد سے 4 ڈگری گرگیا جبکہ کراچی میں بھی فرفر ہواؤں نے پارہ گرادیا۔
گزشتہ 24 گھنٹے کا موسم ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک جبکہ پہاڑی علاقوں میں شدید سرد رہا۔آج ریکارڈکئے گئے کم سےکم درجہ حرارت: لہہ منفی 13، گوپس منفی 07 ، اسکردو، قلات منفی05، کوئٹہ، استور، مالم جبہ منفی 04، دیر اور بگروٹ منفی 02 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
