Search
Close this search box.
پیر ,27 جولائی ,2026ء

ہر سال 59 لاکھ گدھے؟ آخر چین میں گدھوں کی اسقدر مانگ کیوں؟ کس مقصد کیلئے استعمال کیا جاتا ہے ؟دیکھیں

ستمبر 2022 میں کراچی کی بندرگاہ پر حکام نے گدھے کی کھالوں بھرے ایک بحری جہاز کو اپنی تحویل میں لیا جسے نمک اور دست کاری کے سامان کی برآمدات کے لیے روانہ کیا جا رہا تھا۔

ایک حالیہ رپورٹ سے معلوم ہوتا ہے کہ گزشتہ برسوں میں چین نے مقامی سطح پر بڑھتی ہوئی گدھے کی کھال کی مانگ پوری کرنے کے لیے پاکستان اور افغانستان کا رُخ کر لیا تھا۔
اس سے قبل چین میں گدھوں کی کھال کی مانگ برِ اعظم افریقہ سے پوری کی جا رہی تھی جس کے باعث افریقہ میں مزدور طبقے کو تباہ کُن معاشی حالات کا سامنا ہے۔

چین میں گدھے کی کھالوں کی مانگ کیوں زیادہ ہے؟ اور اسے پورا کرنے کے لیے کیا طریقے استعمال کیے جاتے ہیں؟

چین میں گدھے کی کھال کی مانگ بڑھنے کی وجہ ایک مقامی دوا میں اس کا استعمال ہے جسے ’ای جیاؤ‘ کہا جاتا ہے۔یہ بیوٹی پراڈکٹس اور کئی ایسی دواؤں کا اہم ترین جز ہے جنھیں خون میں اضافے اور جسم کے مدافعتی نظام کے لیے مفید تصور کیا جاتا ہے۔

روایتی طور پر ای جیاؤ ایک انتہائی مہنگی پراڈکٹ ہے۔ یہ چین میں ژنگ خاندان کے دورِ بادشاہت میں 1644 سے 1912 تک چینی اشرافیہ میں بہت مقبول ہوئی۔ حالیہ دور میں ای جیاؤ کو چین کی ایک ٹیلی ویژن سیریز ’ایمپریس ان دی پیلس‘ سے مقبولی حاصل ہوئی۔ یہ سیریز 2011 میں نشر کی گئی تھی۔
ای جیاؤ کی صنعت کی وجہ سے چین میں گدھوں کی آبادی میں 80 فی صد کمی آ چکی ہے۔ 1992 میں چین میں ایک کروڑ 10 لاکھ گدھے تھے جو اب محض 20 لاکھ رہ گئے ہیں۔ اسی لیے ای جیاؤ کی صنعت کو اپنی کھپت پوری کرنے کے لیے بیرونِ ملک سے کھالیں منگوانا پڑتی ہیں۔

سب سے زیادہ گدھے کہاں سے آتے ہیں؟
چین اور افریقہ کے تعلقات کی ماہر لارین جونسٹون کا کہنا ہے کہ ای جیاؤ کی بڑھتی ہوئی کھپت نے گدھوں کی بین الاقوامی تجارت کو پُر کشش بنا دیا ہے۔
اس پرکشش تجارت کا سب سے زیادہ اثر بھی افریقہ پر پڑا ہے جو اس خام مال کی سب سے بڑی مارکیٹ ہے کیوں دنیا میں گدھوں کی سب سے زیادہ آبادی بھی برِاعظم افریقہ ہی میں ہے۔

اسمگلنگ اور پابندیاں

رواں برس فروری میں 55 ممالک پر مبنی افریقن یونین نے اعلان کیا تھا کہ افریقہ میں گدھے کے ذبیحے اور اس کی کھال برآمد کرنے پر پابندی عائد کی جا چکی ہے۔افریقن یونین کے اس اقدام سے قبل برکینا فاسو اور بوٹسوانا نے گدھے کے کھال کی تجارت پر پابندی عائد کر دی تھی۔ 2022 میں تنزانیہ نے اس کی برآمد پر 10 سال کی پابندی عائد کی تھی۔ ان پابندیوں کے باجود اسمگلنگ اور دیگر ذرائع سے چین کو گدھوں کی کھال کی برآمد جاری ہے۔

گدھوں کی تعداد کم کیوں ہوتی ہے؟

ماہرینِ حیوانیات کے مطابق گائے، بکریوں اور سؤروں کے مقابلے میں گدھے کی افزائشِ نسل کی رفتار سست ہوتی ہے۔
دیگر مویشیوں کے مقابلے میں گدھی کے حمل کی مدت 11 سے ساڑھے 14 ماہ ہوتی ہے اور اکثر ایک حمل سے صرف ایک بچہ ہی پیدا ہوتا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ چین میں گدھوں کی کھال کی سالانہ 59 لاکھ کی کھپت پوری کرنے کے لیے اگر فارمنگ کی جائے تو اس کے لیے کم از کم دو دہائیاں درکار ہوں گی۔

یہ بھی پڑھیں