Search
Close this search box.
بدھ ,22 جولائی ,2026ء

امریکی صدراوربھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی مسلمانوں کو عیدالاضحیٰ اور حج کی مبارکباد

امریکی صدر جوبائیڈن

امریکا کے صدر جوبائیڈن نے عید الاضحیٰ پر مبارکباد کا پیغام جاری کیا ہے۔امریکی صدر نے اپنے بیان میں کہا کہ میری اور جِل بائیڈن کی طرف سے امریکا اور دنیا بھر میں رہنے والے مسلمانوں کو عید الاضحیٰ مبارک ہو۔امریکی صدر نے اپنے بیان میں تمام مسلمانوں کو حج کی مبارک باد بھی دی۔

امریکی صدر جوبائیڈن نے اپنے بیان میں کہا کہ حج اور عید الاضحیٰ ہمیں مساوات اور خیرات کی اہمیت یاد دلاتی ہے، امریکا لاکھوں امریکی مسلمانوں کا گھر ہے، بہت سے امریکی مسلمان میری انتظامیہ میں شامل ہیں۔جوبائیڈن نے اپنے بیان میں کہا کہ میں پہلا صدر ہوں جس نے امریکی مسلمانوں کو وفاقی عدالتوں میں نامزد کیا، میں امریکی عوام کی جانب سے ان کی محنت اور کام کا مشکور ہوں۔انہوں نے کہا کہ امریکی مسلمان ہمارے خاندان، دوست اور ساتھی شہری ہیں، وہ ہماری قوم کو مضبوط بناتے ہیں۔

جوبائیڈن نے اپنے بیان میں کہا کہ اس سال عید الاضحیٰ دنیا بھر کے مسلمانوں کے لیے ایک مشکل وقت میں آئی ہے، غزہ میں بے گناہ شہری جنگ کی ہولناکی کا شکار ہیں جہاں ہزاروں بچوں سمیت بہت سے معصوم لوگ مارے جاچکے ہیں۔امریکی صدر نے کہا ہے کہ غزہ میں کئی لوگوں کو اپنا گھر چھوڑنا پڑا، سیکڑوں لوگوں نے اپنے خاندان اور گھروں کو تباہ ہوتے دیکھا، ان لوگوں کا درد بہت بڑا ہے، میری انتظامیہ جنگ کے خاتمے، انسانی بنیادوں پر ریلیف فراہم کرنے اور مستقبل کے دو ریاستی حل کے لیے ہر ممکن کوشش کر رہی ہے جس کے بارے میں میرا یقین ہے کہ یہ فلسطینیوں کے لیے پائیدار امن کے حصول کا واحد راستہ ہے۔انہوں نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ نفرت کی امریکا میں کوئی جگہ نہیں چاہے اس کا نشانہ امریکی مسلمان، عرب، فلسطینی یا کوئی بھی ہو،میری انتظامیہ اسلاموفوبیا اور تعصب کا مقابلہ کرنے کے لیے ایک قومی حکمتِ عملی بنا رہی ہے۔امریکی صدر نے کہا کہ ہم اپنے امریکی مسلمان حاجیوں کا استقبال کرنے کے منتظر ہیں۔

بھارتی وزیراعظم نریندر مودی

بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے عیدالاضحیٰ پر مبارکباد کا پیغام دیا ہے۔بھارتی وزیراعظم نے اپنے پیغام میں کہا کہ دعا ہے یہ خاص موقع ہمارے معاشرے میں ہم آہنگی اور اتحاد کے بندھنوں کو مزید مضبوط کرے۔اپنے پیغام کے اختتام پر وہ دعاگو تھے کہ سب خوش اور سلامت رہیں۔پاکستان کی طرح بھارت میں بھی مسلمان اپنے تہوار جوش و جذبے کے ساتھ مناتے ہیں، بھارتی وزیر اعظم ہونے کی حیثیت سے مودی ہر عید پر مبارکباد کے پیغام جاری کرتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں