Search
Close this search box.
جمعرات ,23 جولائی ,2026ء

عمران خان سے 20 برس قبل ختم ہوا تعلق جمائما کیلئے سردرد بن گیا

لندن(ویب ڈیسک) سابق وزیراعظم و بانی پی ٹی آئی عمران خان کی سابق اہلیہ جمائما گولڈ اسمتھ کیلئے عمران خان سے 20 برس قبل ختم ہوا تعلق بھی سردرد بن گیا۔

جمائما گولڈ اسمتھ نے اپنے ایکس اکاؤنٹ پر انکشاف کیا ہے کہ انہیں عمران خان کی جماعت تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سیاسی مخالفین کی جانب سے سائبر ہراسمنٹ کا نشانہ بنایا گیا ہے۔

(اسکرین شاٹ: ایکس)

جمائما نے اپنے ایکس اکاؤنٹ پر پوسٹ میں لکھا کہ ‘پاکستان سے وہ دوست جو باضابطہ طریقے سے مجھ سے رابطہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، وہ جان لیں کہ سائبر ہراسمنٹ کے خلاف کارروائی کے دوران مجھے پاکستانی صارفین کی تمام ای میلز (اپنی آئی ڈی سے) بلاک کرنی پڑی ہیں’۔

انہوں نے لکھا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ مجھے سائبر ہراسمنٹ کا نشانہ پی ٹی آئی کے کھسیانے مخالفین کی جانب سے بنایا جارہا تھا۔

جمائما نے مزید لکھا کہ اِن ہی کھسیانے مخالفین نے پاکستان میں ایکس پر پابندی عائد کر رکھی ہے جس کی وجہ سے صرف وی پی این استعمال کرنے والے صارفین ہی میری یہ پوسٹ دیکھ سکیں گے۔

انہوں نے پاکستانی سیاست پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ 20 برس قبل ملک چھوڑنے کے بعد بھی مجھے (اس تعلق کے) ثمرات بھگتنے پڑ رہے ہیں۔

یاد رہے کہ جمائما گولڈ اسمتھ نے عمران خان سے 1995 میں شادی کی تھی تاہم محض 9 برس بعد دونوں کے درمیان 2004 میں طلاق ہوگئی تھی۔

جمائما خان سے طلاق کے بعد عمران خان نے دوسری شادی جنوری 2015 میں ٹی وی اینکر ریحام خان سے کی تھی جو کہ صرف 10 ماہ ہی چل سکی تھی۔

اس کے بعد عمران خان فروری 2018 میں تیسری شادی بھی کر چکے ہیں تاہم جمائما گولڈ اسمتھ کو آج بھی عمران خان کے ساتھ تعلق کی وجہ سے نشانہ بنایا جاتا رہا ہے جس کا شکوہ وہ بارہا کر چکی ہیں۔
مزیدپڑھیں :سابق افسر کروڑوں کی رشوت لیتے ہوئے گرفتار

یہ بھی پڑھیں