Search
Close this search box.
اتوار ,14 جون ,2026ء

‘دہری بچہ دانی’ والی ماں کے ہاں جڑواں بچوں کی پیدائش

اسلام آباد(نیوزڈیسک) جڑواں بچوں کی پیدائش والدین کیلئے یقیناً ایک حسین اور غیرمعمولی تجربہ ہوتا ہے تاہم چین میں ایک حیران کُن واقعہ سامنے آیا ہے جہاں 2 بچہ دانیوں والی ایک خاتون کے ہاں رواں ماہ دونوں بچہ دانیوں سے بچوں کی پیدائش ہوگئی۔

ماہرین صحت کے مطابق دنیا بھر میں ہر 50 لاکھ خواتین میں سے ایک خاتون 2 بچہ دانیوں (uterus didelphys) کے ساتھ پیدا ہوتی ہے، یعنی دنیا کی تمام خواتین کی مجموعی تعداد میں سے صرف 0.3 فیصد خواتین uterus didelphys کے ساتھ پیدا ہوتی ہیں۔

بعض خواتین کے ہاں ان کی پیدائش کے فوری بعد ہی یہ معلوم ہوجاتا ہے کہ وہ دو بچہ دانیوں کے ساتھ پیدا ہوئی ہیں، تاہم بعض خواتین میں کئی سال بعد اس بات کا انکشاف ہوتا ہے کہ ان میں دو رحم مادر موجود ہیں۔

ایسی خواتین کے پاس قدرتی طور پر 2 مکمل طور پر فعال بچہ دانیاں ہوتی ہیں اور دونوں میں ovaries اور oviducts کے مکمل سیٹ موجود ہوتے ہیں۔

اگرچہ یہ خصوصیت خواتین میں نایاب ہے تاہم مذکورہ چینی خاتون کے کیس نے دنیا کو اس لیے بھی حیران کردیا کہ اسکی دونوں بچہ دانیوں سے ایک ہی دن میں 2 بچوں (ایک لڑکا اور ایک لڑکی) کی پیدائش ہوئی ہے اور ماں سمیت دونوں بچے مکمل صحتیاب ہیں۔

خاتون کے ہاں ان جڑواں بچوں کی پیدائش اس وقت ہوئی جب وہ ساڑھے 8 ماہ کی حاملہ تھی۔

ماہرین نے اس کیس کو ‘ایک لاکھ خواتین میں سے ایک’ کے ساتھ پیش آنے والے واقعے کے طور پر بیان کیا ہے۔

اُن کا کہنا ہے کہ قدرتی عمل کے ذریعے کسی ایسی خاتوں کا دونوں بچہ دانیوں سے حاملہ ہونا انتہائی غیرمعمولی بات ہے، چین اور بیرون ممالک سے آج تک اس طرح کے صرف ایک دو کیسز سامنے آئے ہیں۔

ایسی خواتین کو حمل کے دوران اکثر چیلنجز کا سامنا کرنا پڑتا ہے، جس کا نتیجہ بعض اوقات اسقاط حمل، قبل از وقت پیدائش اور بعد از پیدائش کی پیچیدگیوں کی صورت میں نکلتا ہے۔

مذکورہ چینی خاتون اس سے قبل بھی حاملہ ہوئی تھیں تاہم 27 ہفتوں بعد طبی وجوہات کی بنا پر اُن کا حمل ضائع ہوگیا تھا، جس کے بعد وہ رواں برس جنوری میں دوبارہ حاملہ ہو گئیں۔

اس بار ہسپتال میں میڈیکل ٹیم نے ماں اور بچے دونوں کی صحت و تندرستی اور بخیروعافیت پیدائش یقینی بنانے کے لیے ایک جامع منصوبہ بنایا۔

رپورٹ کے مطابق خاتون نے اپنے اِن جڑواں بچوں کو سی-سیکشن کے ذریعے جنم دیا، دونوں بچے مکمل طور پر صحت مند پیدا ہوئے، لڑکے کا وزن 3.3 کلو اور لڑکی کا 2.4 کلوگرام تھا۔
مزیدپڑھیں :بھارتی پلانٹ میں آتشزدگی، آئی فون 16 کی پروڈکشن روک دی گئی

یہ بھی پڑھیں