بھارت(نیوز ڈیسک) بھارتی ریاست بہار کے وزیراعلیٰ نتیش کمار نے ریاستی انتخابات سے قبل عوام کو بڑا ریلیف دیتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ یکم اگست سے ریاست بھر کے تمام گھریلو صارفین کو ماہانہ 125 یونٹ بجلی بالکل مفت فراہم کی جائے گی۔
یہ سہولت جولائی کے بجلی بل سے لاگو ہو گی اور اس اقدام سے ریاست کے تقریباً ایک کروڑ 67 لاکھ خاندانوں کو براہِ راست فائدہ پہنچے گا۔
وزیراعلیٰ نتیش کمار، جو اپنی دسویں مدت کے لیے وزیراعلیٰ بننے کے خواہاں ہیں، نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم “ایکس” (سابقہ ٹوئٹر) پر جاری بیان میں کہا کہ “ہم ابتدا ہی سے ریاست کے شہریوں کو سستی بجلی فراہم کرتے آ رہے ہیں، اب فیصلہ کیا ہے کہ یکم اگست سے تمام گھریلو صارفین کو 125 یونٹ ماہانہ بجلی مفت دی جائے گی۔”
اس کے ساتھ ہی انہوں نے آئندہ تین برسوں میں بہار میں شمسی توانائی کے فروغ کے لیے بھی بڑے اقدامات کا اعلان کیا۔ ان کے مطابق ریاست بھر میں گھروں کی چھتوں یا عوامی مقامات پر سولر پاور پلانٹس نصب کیے جائیں گے۔
نتیش کمار نے واضح کیا کہ غریب خاندانوں کو سولر سسٹم کی تنصیب کے تمام اخراجات حکومت برداشت کرے گی، جو “کُٹیر جیوتی یوجنا” کے تحت فراہم کیے جائیں گے۔ دیگر صارفین کو بھی مالی مدد دی جائے گی تاکہ زیادہ سے زیادہ گھر شمسی توانائی سے منسلک ہو سکیں۔
وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ ریاست نے آئندہ تین سالوں میں 10,000 میگا واٹ شمسی توانائی پیدا کرنے کا ہدف مقرر کیا ہے، جو توانائی کے شعبے میں بہار کو خود کفیل بنانے کی جانب اہم قدم ہوگا۔
