Search
Close this search box.
منگل ,23 جون ,2026ء

سابق صدر جو بائیڈن کی بیٹی ایشلی نے شوہر سے طلاق لے لی

واشنگٹن(نیوز ڈیسک)سابق امریکی صدر جو بائیڈن کی بیٹی، ایشلی بائیڈن، نے اپنے 13 سالہ ازدواجی سفر کو ختم کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق 44 سالہ ایشلی بائیڈن نے اپنے شوہر، معروف پلاسٹک سرجن ڈاکٹر ہوورڈ کرین، سے علیحدگی کے لیے عدالت سے رجوع کیا ہے۔

میڈیا کے مطابق، ایشلی بائیڈن نے رواں ہفتے کے آغاز میں فلاڈیلفیا کی فیملی کورٹ میں طلاق کی باضابطہ درخواست دائر کی، جس میں شادی کی ناکامی اور باہمی اختلافات کو علیحدگی کی بنیادی وجہ قرار دیا گیا ہے۔ یہ شادی 2012 میں انجام پائی تھی اور طویل عرصے تک میڈیا کی نظروں سے دور رہی، تاہم اب اس کے اختتام کی خبریں منظرِ عام پر آگئی ہیں۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ عدالت میں درخواست دائر کرنے سے کچھ دیر قبل ایشلی بائیڈن نے سوشل میڈیا پر ایک مبہم مگر معنی خیز تصویر شیئر کی۔ تصویر میں ایک مرد اور خاتون ایک دوسرے کا ہاتھ تھامے نظر آرہے تھے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اس تصویر کا مقصد ممکنہ طور پر یہ اشارہ دینا تھا کہ یہ ان کے شوہر اور ان کی مبینہ گرل فرینڈ ہیں۔ تاہم، یہ اسٹوری کچھ ہی دیر بعد ایشلی نے اپنے اکاؤنٹ سے ہٹا دی۔

ڈاکٹر ہوورڈ کرین سے جب میڈیا نے اس معاملے پر مؤقف لینے کی کوشش کی تو انہوں نے کسی بھی قسم کا تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا۔ اس پر مزید قیاس آرائیاں شروع ہو گئی ہیں کہ شادی میں دراڑ کی اصل وجوہات کیا ہو سکتی ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اس کیس کی آئندہ سماعت میں جائیداد کی تقسیم اور دیگر قانونی معاملات پر بات ہوگی۔ بائیڈن خاندان کی طرف سے اب تک اس معاملے پر کوئی باضابطہ بیان سامنے نہیں آیا، تاہم ایشلی کی اس کارروائی نے سیاسی اور سوشل میڈیا حلقوں میں کافی ہلچل پیدا کر دی ہے۔
مزیدپڑھیں:حکومت مذاکرات کے نام پر پی ٹی آئی کو کمزور کرنا چاہتی ہے،شیرافضل مروت

یہ بھی پڑھیں