نئی دہلی (نیوز ڈیسک) مدھیہ پردیش کے شہر گوالیار سے تعلق رکھنے والی معروف کاروباری شخصیت تانیا متل نے کہا ہے کہ وہ شادی کے لیے تیار ہیں اور اگر دل کا رشتہ بن جائے تو وہ ایک بے روزگار شخص سے بھی شادی کرنے میں کوئی ہچکچاہٹ محسوس نہیں کریں گی۔
تانیا متل مہا کمبھ یاترا کے دوران انٹرنیٹ پر وائرل ہوئی تھیں اور حال ہی میں بگ باس 19 میں اپنے دلیرانہ بیانات اور بڑے بڑے دعوؤں کے باعث سوشل میڈیا پر توجہ کا مرکز بنی رہیں، حالانکہ اسی وجہ سے انہیں ٹرولنگ کا بھی سامنا کرنا پڑا۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ ان کا 26000 مربع فٹ پر مشتمل شاندار گھر ہے، جہاں 800 ملازمین پر مشتمل عملہ کام کرتا ہے، جبکہ ان کے ساتھ کئی باڈی گارڈز بھی تعینات رہتے ہیں۔ تانیا کے بقول، وہ ایک کروڑ پتی بزنس وومن ہیں لیکن ان کے بہت سے بیانات لوگوں کو ہضم نہیں ہوتے۔
ایک پرانے انٹرویو میں انہوں نے کہا تھا”مجھے نہیں معلوم کہ دنیا میں کوئی ایسا مرد ہے جو مجھے پسند آ سکے، لیکن مجھے بے روزگار شخص سے شادی کرنے میں کوئی اعتراض نہیں۔ مجھے اس کے پاؤں دبانے یا چھونے میں بھی کوئی ہچکچاہٹ نہیں ہوگی کیونکہ میرا ماننا ہے کہ رشتے میں کوئی بڑا یا چھوٹا نہیں ہوتا۔”
اپنے سابق بوائے فرینڈ کا ذکر کرتے ہوئے تانیا نے کہا”جب میں رشتے میں تھی تو رات کے کھانے کے بعد اس کے ہاتھ صاف کرنے کے لیے گرم تولیہ خود لاتی تھی۔ میں جانتی ہوں کہ میں اپنے شوہر کے ساتھ بھی یہی رویہ رکھوں گی، کیونکہ میں ذاتی طور پر چاہتی ہوں کہ میرا شوہر ایک بادشاہ کی طرح محسوس کرے۔”
تانیا متل کے یہ بیانات ایک بار پھر سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئے ہیں اور کئی لوگ ان کے رویے کو غیر معمولی اور دلچسپ قرار دے رہے ہیں۔
مزیدپڑھیں:سبزیوں کی مہنگے داموں فروخت، برائلر گوشت سستا


