تہران (نیوز ڈیسک) ایران کے سابق صدر محمود احمدی نژاد تہران میں ہونے والے ایک بڑے فضائی حملے میں محفوظ رہے ہیں جبکہ ان کے تین محافظ ہلاک ہو گئے۔
ترکی کے سرکاری خبررساں ادارے کے مطابق ابتدائی اطلاعات میں محمود احمدی نژاد کی ہلاکت کی خبریں سامنے آئی تھیں تاہم بعد میں ان کے قریبی ساتھیوں نے ان خبروں کی تردید کرتے ہوئے بتایا کہ وہ مکمل طور پر محفوظ ہیں۔
اطلاعات کے مطابق حملے میں پاسدارانِ انقلاب سے منسلک ایک سیکیورٹی مرکز کو نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں تین محافظ مارے گئے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ محمود احمدی نژاد کی رہائش گاہ حملے کی جگہ سے تقریباً سو میٹر کے فاصلے پر واقع ہے جسے کوئی نقصان نہیں پہنچا۔
حملے کے بعد علاقے میں سیکیورٹی سخت کر دی گئی ہے جبکہ مزید تفصیلات سامنے آنے کا انتظار کیا جا رہا ہے۔


