Search
Close this search box.
جمعرات ,25 جون ,2026ء

ریاستی سینئر وزیر ڈی سدھاکر طویل علالت کے بعد چل بسے

بنگلور(نیوزڈیسک) بھارتی ریاست کرناٹک کی سیاست ایک اہم اور بااثر رہنما سے محروم ہو گئی، ریاستی وزیر برائے منصوبہ بندی و شماریات ڈی سدھاکر طویل علالت کے بعد اتوار کی صبح انتقال کر گئے۔
ان کی عمر 66 برس تھی اور وہ گزشتہ دو ماہ سے پھیپھڑوں کے شدید انفیکشن کے باعث زیر علاج تھے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈی سدھاکر نے بنگلور کے کرشنا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز میں آخری سانسیں لیں، ہسپتال انتظامیہ کی جانب سے جاری بیان میں میڈیکل ڈائریکٹر ڈاکٹر آر چننادورائی نے بتایا کہ وزیر ڈی سدھاکر کا انتقال صبح 3 بج کر 15 منٹ پر ہوا۔ ان کی وفات کی خبر سامنے آتے ہی سیاسی و سماجی حلقوں میں غم کی لہر دوڑ گئی۔

ڈی سدھاکر کرناٹک کی حکمران کانگریس پارٹی کے سینئر رہنماؤں میں شمار ہوتے تھے، وہ چتردرگا ضلع کے ہیریور اسمبلی حلقے سے رکن اسمبلی منتخب ہوئے تھے اور مختلف اہم سرکاری ذمہ داریاں بھی انجام دیتے رہے۔

نائب وزیر اعلیٰ ڈی کے شیوکمار نے ان کی وفات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ڈی سدھاکر نہ صرف ایک بہترین سیاستدان بلکہ عوامی خدمت کا جذبہ رکھنے والے مخلص انسان بھی تھے۔

سیاسی سفر کے دوران ڈی سدھاکر نے کئی نشیب و فراز دیکھے، انہوں نے 2004 میں کانگریس کے ٹکٹ پر پہلی بار اسمبلی انتخابات جیتے، بعد ازاں سیاسی اختلافات کے باعث آزاد امیدوار کے طور پر بھی کامیابی حاصل کی، بعد میں انہوں نے بی جے پی حکومت کی حمایت کرتے ہوئے سماجی بہبود کے وزیر کی حیثیت سے خدمات انجام دیں۔

تجزیہ کاروں کے مطابق ڈی سدھاکر کا انتقال کرناٹک کی سیاست کیلئے ایک بڑا نقصان قرار دیا جا رہا ہے اور ان کی خدمات کو طویل عرصے تک یاد رکھا جائے گا۔

مزید پڑھیں۔انگلینڈ نے افغانستان کرکٹ ٹیم کا بائیکاٹ کر دیا

یہ بھی پڑھیں