Search
Close this search box.
جمعرات ,25 جون ,2026ء

کیئر اسٹارمر کا استعفے سے انکار، اپنی حکومت کو 10 سالہ منصوبہ قرار دیدیا

برطانیہ(نیوز ڈیسک)برطانوی وزیراعظم کیئر اسٹارمر نے اپنی قیادت کے خلاف بڑھتے ہوئے دباؤ کے باوجود عہدہ چھوڑنے سے انکار کردیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ان کی حکومت ایک 10 سالہ منصوبہ ہے اور وہ اپنی ذمہ داریاں جاری رکھیں گے۔

برطانوی وزیر اعظم کا یہ بیان بلدیاتی انتخابات میں اسٹارمر کی لیبر پارٹی کی گزشتہ 3 دہائیوں میں کسی بھی حکمران جماعت کی بدترین شکست کے بعد سامنے آیا ہے۔

دوسری جانب دائیں بازو کی عوام پسند جماعت ریفارم یو کے نے نمایاں کامیابیاں حاصل کیں، جس کے بعد لیبر پارٹی کے اندرکیئر اسٹارمر کو ہٹانے کی آوازیں تیز ہوگئی ہیں۔

اسٹارمر کی سابق وزیر کیتھرین ویسٹ نے خبردار کیا ہے کہ اگر پیر تک کابینہ نے وزیراعظم کو ہٹانے کے لیے اقدامات نہ کیے تو وہ پارٹی اراکین کی حمایت حاصل کرکے قیادت کے انتخاب کا مطالبہ کریں گی۔

پارٹی قوانین کے مطابق قیادت کو چیلنج کرنے کے لیے پارلیمانی پارٹی کے 20 فیصد، یعنی 81 ارکان کی حمایت درکار ہوگی، جبکہ اب تک تقریباً 30 ارکانِ پارلیمنٹ اسٹارمر کی قیادت پر کھل کر تنقید کرچکے ہیں۔

اخبار آبزرور کو انٹرویو دیتے ہوئے اسٹارمر نے کہا کہ وہ اگلے عام انتخابات میں بھی نہ صرف لیبر پارٹی کی قیادت کریں گے بلکہ دوسری مدت بھی پوری کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ وہ جولائی 2024 میں ملنے والی عوامی ذمہ داری سے پیچھے نہیں ہٹیں گے اور نہ ہی ملک کو سیاسی انتشار میں دھکیلیں گے۔

اگر آنے والے ہفتوں میں اسٹارمر کو ہٹا دیا گیا تو گزشتہ ایک دہائی میں برطانیہ کو 7واں وزیراعظم مل جائے گا۔

مزید پڑھیں۔

یہ بھی پڑھیں