Search
Close this search box.
جمعه ,03 جولائی ,2026ء

اگر آپ موٹرسائیکل پر لاہور سے مری کا سفر کرنا چاہتے ہیں تو کون سی موٹرسائیکل آپ کے لیے بہتر رہے گی؟

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) شدید گرمی کے اس موسم میں کچھ وقت مری کے پرسکون موسم میں گزارنے کے لیے اگر آپ موٹرسائیکل پر لاہور سے مری کا سفر کرنا چاہتے ہیں تو کون سی موٹرسائیکل آپ کے لیے بہتر رہے گی؟ ویب سائٹ’پاک وہیلز‘ نے اس حوالے سے کچھ موٹرسائیکلز کا موازنہ کیا ہے:۔

سوزوکی جی ایس 150
سوزوکی جی ایس پر اگر آپ 90کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے براستہ جی ٹی روڈ جاتے ہیں تو راستے میں ٹریفک کے سبب بریکنگ اور دیگر عوامل کو مدنظر رکھتے ہوئے آپ لگ بھگ 6گھنٹے میں لاہور سے مری پہنچ جائیں گے۔ تاہم آپ موٹرسائیکل پر بغیر رکے اور آرام کیے 347کلومیٹر کا فاصلہ طے نہیں کر سکتے، چنانچہ اس میں کم از کم ڈیڑھ گھنٹے کا وقت کھانے اور واش روم جیسی ضروریات کے لیے بھی شامل کر لیں، جن کے لیے آپ کو لازمی طور پر رکنا پڑے گا۔

ہنڈا سی جی 125
ہنڈا سی جی 125پر آپ کو ہر 80کلومیٹر یا ڈیڑھ گھنٹے بعد کچھ دیر رکنا پڑے گا۔ اس موٹرسائیکل کے چار گیئر ہونے کی وجہ سے آپ اسے 70کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار پر ہی چلا سکتے ہیں، اس سے زیادہ رفتار سے چلنے پر انجن کے پرزہ جات پر انتہائی دباﺅ آئے گا۔ تمام سٹاپس، بریکس اور سپیڈ کو مدنظر رکھتے ہوئے آپ سی جی 125پر 9سے 10گھنٹے میں لاہور سے مری پہنچیں گے۔

یاماہا وائی بی آر 125( ڈی ایکس، جی اور زیڈ)
ان موٹرسائیکلز پر بھی آپ کو ہر دو گھنٹے بعد 15منٹ سے آدھے گھنٹے کے لیے رکنا پڑے گا کیونکہ یہ بھی 125سی سی موٹرسائیکلز ہیں۔ تاہم انہیں آپ 80کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلا سکتے ہیں۔ اس طرح آپ ان موٹرسائیکلز پر 8گھنٹوں میں لاہور سے مری پہنچیں گے۔

سوزوکی جی ڈی 110ایس
میدانی علاقے میں اس موٹرسائیکل کو 50سے 60کلومیٹر فی گھنٹہ اور مری کے پہاڑی علاقے میں 40کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہی چلایا جا سکتا ہے۔ راستے کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے اس موٹرسائیکل پر آپ 9سے ساڑھے 10گھنٹے میں لاہور سے مری پہنچ سکتے ہیں۔

ہنڈا سی ڈی 70
اگر آپ ہنڈا 70سی سی پر لاہور سے مری جانا چاہتے ہیں تو اس میں آپ کو بہت وقت لگے گا کیونکہ یہ ایک 70سی سی موٹرسائیکل ہے اور اسے طویل سفر میں انجن کو نقصان پہنچائے بغیر 55کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہی چلایا جا سکتا ہے۔ اس کے باوجود آپ کو ہر 40، 50منٹ بعد رکنا پڑے گا ۔ اس موٹرسائیکل پر آپ 10سے 11گھنٹے میں لاہور سے مری پہنچ جائیں گے۔
مزیدپڑھیں :شوہر بنانے کا وقت آگیا، بوائے فرینڈ کہاں سے ڈھونڈیں، لائبہ خرم کی ویڈیو وائرل

یہ بھی پڑھیں