اسلام آباد (نیوز ڈیسک) سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) نے اپنے تمام لائسنس یافتہ اداروں کو ہدایت جاری کی ہے کہ وہ ڈیجیٹل پیمنٹ سلوشنز، بالخصوص ’’راست کیو آر کوڈ‘‘ کو اپنے بزنس آؤٹ لیٹس پر لازمی اپنائیں اور نمایاں طور پر آویزاں کریں۔
ایس ای سی پی کے مطابق اس ہدایت پر نان بینکنگ فنانس کمپنیز (NBFCs)، انشورنس کمپنیاں، مضاربہ، سکیورٹیز بروکرز اور دیگر لائسنس یافتہ مارکیٹ انٹرمیڈیریز عملدرآمد کے پابند ہوں گے۔ تمام اداروں کو یہ بھی یقینی بنانا ہوگا کہ صارفین کو ڈیجیٹل ادائیگی کے طریقے استعمال کرنے سے روکا نہ جائے۔ اس حکم نامے پر عمل درآمد 31 اکتوبر 2025 تک لازمی ہوگا۔
ایس ای سی پی کا یہ اقدام ملک میں کیش لیس اکانومی کو فروغ دینے اور ڈیجیٹل پیمنٹ ایکو سسٹم کو مضبوط بنانے کے قومی وژن کے مطابق ہے۔
ادارے نے واضح کیا ہے کہ یہ اقدام اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی ڈیجیٹلائزیشن مہم کے ساتھ مکمل ہم آہنگ ہے، جس سے نہ صرف مالی شمولیت میں اضافہ ہوگا بلکہ شفافیت، سہولت اور کاروباری استعداد میں بھی بہتری آئے گی۔
ایس ای سی پی نے اپنے تمام ریگولیٹڈ اداروں کو ہدایت دی ہے کہ وہ فوری طور پر اپنے بینک، مائیکروفنانس بینک یا ای-منی انسٹی ٹیوشنز کے ساتھ رابطہ کریں اور ’’راست کیو آر کوڈ‘‘ جو بالکل مفت فراہم کیا جا رہا ہے، حاصل کر کے مقررہ وقت تک نافذ کریں۔




