اللہ تعالیٰ کی وسیع اور متنوع تخلیق میں ہر رنگ اور مخلوق میں ایک خاص خوبصورتی اور مقصد پوشیدہ ہے، جس میں حکمتِ الٰہی کا خاص جلوہ نظر آتا ہے۔ قرآن اور حدیث میں تخلیق کے اسرار کی طرف اشارے ہمیں بتاتے ہیں کہ فطرت کے ہر پہلو میں، خواہ رنگ ہو یا مخلوق، اللہ کی عظمت اور حکمت کے نشان ہیں۔ ان میں سبز رنگ کو ایک خاص روحانی اہمیت حاصل ہے، جو زندگی، تجدید، سکون اور جنت کی علامت سمجھا جاتا ہے۔کائنات کے رنگ گہرے معنی رکھتے ہیں۔ ہر رنگ اور ہر مخلوق کا ایک خاص مقصد ہوتا ہے۔ ہر جاندار کی اپنی ایک خاص ارتعاشی فریکوئنسی ہوتی ہے، جسے ہم اکثر نئے لوگوں سے ملتے وقت محسوس کرتے ہیں، اور بعض افراد سے پہلی ملاقات میں ہی بے حد قربت کا احساس ہوتا ہے۔ ہر رنگ میں ایک منفرد توانائی ہوتی ہے جو ہمارے ذہن اور جذبات پر خاص اثر ڈالتی ہے۔ اسی بنیاد پر قدیم مصر، ہندوستان، اور یونان میں رنگوں سے علاج (کلر تھراپی)کو استعمال کیا جاتا تھا۔
مشہور طبیب ابن سینا نے بھی کرومو تھراپی میں مختلف رنگوں کی خصوصیات اور ان کے علاج پر تحقیق کی۔اسلام میں سبز رنگ کی خاص اہمیت ہے۔ حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے شہداء کو جنت میں زندہ ارواح قرار دیا ہے، اور قرآن کہتا ہے، شہداء کو مردہ نہ سمجھو (سورہ آل عمران: 169) سبز رنگ زندگی کی علامت ہے اور اس میں روحانی طور پر بہت گہرے معنی ہیں۔ جنگِ احد کے شہداء کی روحیں جنت میں سبز پرندوں کی شکل میں بیان کی گئی ہیں۔ جنت کے لوگوں کے بارے میں بھی کہا گیا ہے کہ وہ سبز لباس میں ہوں گے اور سبز قالینوں سے ان کی آرام گاہیں مزین ہوں گی۔ روحانی حیثیت کے علاوہ، سبز رنگ انسانی نفسیات پر بھی مثبت اور سکون بخش اثر رکھتا ہے۔ ڈاکٹروں کا سبز لباس سرجری کے دوران ذہنی سکون اور دبا ئوکو کم کرنے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔
لندن میں ایک پل، جہاں لوگ خودکشی کی کوشش کرتے تھے، اسے سبز رنگ میں رنگا گیا، اور اس کے بعد وہاں کے واقعات میں کمی دیکھنے کو ملی۔تاریخی طور پر، عثمانیوں نے سبز رنگ کو بڑی عزت کے ساتھ استعمال کیا، اسے امن اور روحانیت کا نشان قرار دیا اور سبز جرابیں یا جوتے پہننے پر پابندی لگا دی تاکہ اس مقدس رنگ کا احترام کیا جا سکے۔سبزے سے ہمیں قدرتی طور پر محبت ہوتی ہے، جو ہمیں امن اور زندگی سے جڑے ہونے کا احساس دلاتا ہے۔ قدرت سے لے کر روحانیت تک، سبز رنگ ہمیشہ سکون، زندگی، اور رحمتِ الٰہی کی علامت رہا ہے۔اسلام میں رنگ محض خوبصورتی کے لئے نہیں بلکہ یہ اللہ کے پیغامات کو ظاہر کرتے ہیں اور اللہ کی تخلیق پر غور و فکر کی دعوت دیتے ہیں۔ رنگ انسان کو اللہ کی لا محدود تخلیقی قوت، اس کی حکمت، اور قدرت کے توازن کا احساس دلاتے ہیں۔ ہر رنگ، چاہے آسمان اور سمندر کا نیلا ہو یا غروبِ آفتاب کا سرخی مائل سایہ، انسان کو تخلیق کے عجائبات پر غور و فکر کرنے اور ایمان کو مضبوط کرنے کی ترغیب دیتا ہے۔قرآن میں رنگوں کا ذکر خاص طور پر کیا گیا ہے اور ہمیں اللہ کی نشانیاں دیکھنے کی ترغیب دی گئی ہے۔
سورہ فاطر میں اللہ تعالیٰ فرماتے ہیں،کیا تم نہیں دیکھتے کہ اللہ نے آسمان سے پانی برسایا، پھر اس کے ذریعے ہم نے کئی رنگوں کے پھل پیدا کیے؟ اور پہاڑوں میں سفید، سرخ، اور مختلف رنگوں کے راستے ہیں، اور بعض سیاہ ہیں جیسے کوا۔ اسی طرح انسانوں، جانوروں اور چوپایوں میں بھی مختلف رنگ ہیں۔ بے شک اللہ سے صرف وہی لوگ ڈرتے ہیں جو علم رکھتے ہیں۔ (سورہ فاطر) یہ آیت ظاہر کرتی ہے کہ رنگ تخلیق کے ہر پہلو میں بکھرے ہوئے ہیں اور اللہ کی عظمت اور حکمت کی علامت ہیں۔رنگوں کے علاوہ، اللہ نے جو مخلوقات پیدا کی ہیں، ان میں ہر ایک کی اہمیت ہے، چاہے وہ جانور ہوں، پرندے ہوں یا حشرات۔ تمام مخلوقات کا ایک مقصد ہے اور یہ روحانی اسباق فراہم کرتی ہیں۔ مثال کے طور پر پرندے آزادی، ایمان اور اللہ کی نشانیاں سمجھے جاتے ہیں۔ ان کی پروازیں، نغمے اور رنگ اللہ کی قدرت کے مظاہر ہیں اور انسان کو دعوت فکر دیتے ہیں۔اسلام میں سبز رنگ کو خاص اہمیت حاصل ہے،قرآن فرماتا ہے: جنتیوں پر باریک سبز ریشم اور دبیز دیباج کے لباس ہوں گے اور انہیں چاندی کے کنگن پہنائے جائیں گے، اور ان کا رب انہیں پاکیزہ مشروب پلائے گا۔ (سورہ الدھر) سبز رنگ زندگی، نشوونما اور راحت کی علامت ہے، جو اللہ کی زمین پر زندگی کی نعمت کا پیغام دیتی ہے۔ نباتات اور درخت زندگی کے اس سفر کو ظاہر کرتے ہیں۔ قرآن میں جنت کے بیان میں سبز رنگ کی کثرت انسان کے دل میں دائمی زندگی اور اللہ کے قریب ایک پرامن زندگی کی خواہش جگاتی ہے۔ سبز رنگ دل اور روح پر سکون اور راحت بخش اثر والا سمجھا جاتا ہے۔ہر مخلوق اور اس کے مختلف رنگ اور صفات اللہ کی حکمت اور تخلیقی حسن و قوت کی علامت ہیں۔ پرندے، پھول، پانی اور پہاڑ اسلامی شاعری اور فکر میں خوبصورتی، آزادی اور عقیدت کی علامت ہیں۔اسلامی تصور میں تخلیق میں کوئی بھی چیز بے مقصد نہیں ہے، ہر رنگ، ہر مخلوق، اور قدرت کا ہر پہلو غور و فکر کرنے والوں کے لیے ایک نشان ہے۔ سبز رنگ، جس کے ساتھ جنت، زندگی اور روحانیت کے گہرے تعلقات ہیں، حضرت خضر اور روحانیت کی علامت سبز رنگ کے ساتھ گہرا معنی رکھتا ہے۔ اللہ کی رحمت اور آخرت میں امن کے وعدے کی یاد دہانی کراتا ہے۔