Search
Close this search box.
بدھ ,24 جون ,2026ء

گمراہ کن جھوٹے بیانیے کاخطرہ اور سیاسی جماعتیں

تاریخ نے یہ ثابت کیا ہے کہ جب جھوٹ یا غلط معلومات کو پھیلایا جاتا ہے، تو اس کے اثرات بہت دور رس ہوتے ہیں خاص طور پر کسی قوم یا ریاست کے لئے۔ عالمی اقتصادی فورم کی حالیہ رپورٹ نے پاکستان کے لیے ایک سنگین چیلنج کی نشاندہی کی ہے۔ جھوٹی معلومات اور گمراہ کن بیانیے کا خطرہ ان اہم مسائل میں شامل ہے جو مستقبل میں ملک کی سماجی، سیاسی اور جمہوری بنیادوں کو کمزور کرسکتے ہیں۔ اس رپورٹ میں پاکستان کو ان ممالک کی فہرست میں شامل کیاگیا ہےجہاں مس انفارمیشن اور پراپیگنڈے کے اثرات سنگین ہو چکے ہیں۔یہ مسئلہ عالمی سطح پر بھی موجود ہے، لیکن پاکستان جیسے ممالک میں اس کے اثرات زیادہ خطرناک ہیں،کیونکہ یہاں پہلے سےموجود سماجی، سیاسی اور اقتصادی مسائل اس خطرے کو مزید پیچیدہ بنا دیتے ہیں۔ جھوٹی خبروں اور گمراہ کن بیانیے کا اثر عوام کے شعور پر ہوتا ہے، جو نہ صرف سماجی تفرقہ پیدا کرتا ہے بلکہ قومی یکجہتی اور اداروں کی ساکھ کو بھی متاثر کرتا ہے۔
پاکستان میں جھوٹی معلومات کے پھیلائو کا سب سے بڑا ذریعہ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز ہیں۔ یہ پلیٹ فارمز ایسے افراد یا گروہوں کے لیے آسانی فراہم کرتے ہیں جو عوام کو گمراہ کرنے، نفرت انگیز مواد پھیلانے، اور سماجی تقسیم پیدا کرنے کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہیں۔ ان پلیٹ فارمز پر منظم مہمات کے ذریعے جھوٹی خبریں اس تیزی سے پھیلتی ہیں کہ ان کے اثرات کو زائل کرنا مشکل ہو جاتا ہے۔جھوٹے اور گمراہ کن بیانیے کے اثرات نہ صرف سماجی سطح پر محسوس کیےجارہےہیں بلکہ یہ سیاسی میدان میں بھی تباہ کن ثابت ہو رہے ہیں۔ جمہوری اقدار کو کمزور کرنے کے لیے جھوٹے بیانیے کو بطور ہتھیار استعمال کیا جا رہا ہے، جس کا نتیجہ سیاسی بے چینی اور عوامی اعتماد کی کمی کی صورت میں نکل رہا ہے۔
پاکستان میں مس انفارمیشن کے بڑھتے ہوئے خطرے میں ایک بڑا کردار پاکستان تحریک انصاف کا رہا ہے۔ اس جماعت کے سوشل میڈیا نیٹ ورک نےجھوٹے بیانیے اور پراپیگنڈے کے ذریعےعوام کو گمراہ کیا ہے۔ تحریک انصاف کا میڈیا سیل بانی پی ٹی آئی کے ساتھ ملکر قوم کے بچوں کی غلط سیاسی تربیت کرنے میں مصروف ہے۔بانی پی ٹی آئی اپنی ذات کو بچانے کےلئے سیاست کے نام پر نوجوانوں کے ذہنوں میں زہر بھر رہے ہیں اور انہیں انتہا پسند بنانے میں مصروف ہیں۔ یہ لوگ فوج کے خلاف شرانگیزی پھیلانے سے بھی باز نہیں آ رہے۔ پی ٹی آئی کے حامیوں نے نہ صرف جھوٹے الزامات اور جعلی خبریں پھیلائیں بلکہ سماج میں نفرت، فرقہ واریت اور تقسیم کو ہوا دی۔پی ٹی آئی کے سوشل میڈیا سیل، جو مختلف ممالک سے بھی آپریٹ ہو رہے ہیں، نے ملکی اخلاقیات اور سماجی ہم آہنگی کو بری طرح نقصان پہنچایا ہے۔ یہ گروہ ایک غیر اخلاقی اور متنازع شخصیت کو ہیرو کے طور پر پیش کر کے عوام کو گمراہ کررہا ہے۔ اس عمل نے نہ صرف موجودہ نسل بلکہ آنے والی نسلوں پر بھی منفی اثرات ڈالے ہیں، جنہیں عدم برداشت، نفرت اور تعصب کا شکار بنایا جا رہا ہے۔جھوٹی معلومات کے اس طوفان نے جمہوری اداروں کی ساکھ کو بری طرح متاثر کیا ہے۔ عوام کے ذہنوں میں پاک فوج ،سرکاری اداروں اور ان کے فیصلوں کے خلاف شکوک و شبہات پیدا کیےجارہے ہیں۔ اس کےنتیجے میں اداروں کی کارکردگی پرسوال اٹھائے جا رہے ہیں۔سیاسی جماعتوں کے درمیان بڑھتی ہوئی تقسیم اور جھوٹے بیانیے کا فروغ نظام کو کمزور کر رہا ہے۔ یہ صورتحال نہ صرف ملک کی داخلی سلامتی کے لیے خطرناک ہے بلکہ بین الاقوامی سطح پر بھی پاکستان کی ساکھ کو نقصان پہنچا رہی ہے۔ اس جماعت کے خطرناک بیا نیے کا ایک تازہ ثبوت بھی سامنے آ یا ہے کہ جس میں پاکستان تحریک انصاف کے سابق میڈیا کوآرڈینیٹر پنجاب جاوید بدر نے مسلم لیگ ن کے صدر نواز شریف کے نام کھلا خط لکھ کر ماضی میں کی گئی الزام تراشیوں پر معافی مانگ لی ہے۔انہوں نے صدر مسلم لیگ ن کے نام لکھے کھلےخط میں کہا کہ نوازشریف سے اپنی گستاخیوں اور الزام تراشیوں پر معافی مانگتا ہوں، امید ہے میری غلطیوں کو جہالت اور نادانی سمجھ کر معاف کر دیں گے۔
مس انفارمیشن کے نتیجے میں پاکستان میں سماجی ہم آہنگی بھی شدید متاثر ہوئی ہے۔ فرقہ وارانہ تنازعات، مذہبی عدم برداشت اور نسلی تقسیم جیسے مسائل اس مسئلے کی شدت کو ظاہر کرتے ہیں۔ جھوٹی خبروں اور گمراہ کن بیانیے نے لوگوں کے درمیان اعتماد کی فضا کو متاثر کیا ہے، جس کے نتیجے میں سماج میں نفرت اور بداعتمادی کا ماحول پیدا ہو گیا ہے۔یہ مسئلہ صرف ایک سیاسی یا سماجی مسئلہ نہیں بلکہ قومی اتحاد اور استحکام کے لیے ایک بڑاخطرہ بن چکا ہے۔ جھوٹے بیانیے نے معاشرتی تانےبانے کو بری طرح متاثر کیا ہے، اور اگر اس مسئلے کو بروقت حل نہ کیا گیا تو یہ ملک کی سلامتی کے لیے ناقابل تلافی نقصان کا باعث بن سکتا ہے۔پاکستان میں مس انفارمیشن کے مسئلے سے نمٹنے کے لیے جامع اور موثر اقدامات کی ضرورت ہے۔ جھوٹے بیانیے کےخلاف جنگ صرف قانون سازی یا ضوابط کے ذریعے نہیں جیتی جاسکتی بلکہ اس کے لیے عوامی شعور، تعلیمی اصلاحات اور سماجی مہمات کا آغاز بھی ضروری ہے۔تعلیمی نصاب میں ڈیجیٹل لٹریسی کو شامل کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ عوام کو جھوٹی معلومات کی پہچان اور ان سے بچائو کے طریقے سکھانے کے لیے تعلیمی اصلاحات ناگزیر ہیں۔ عوامی شعور کو بیدار کرنے کے لیے مہمات شروع کی جائیں جن میں لوگوں کو جھوٹی خبروں کے اثرات اور ان کے معاشرتی نقصانات سے آگاہ کیاجائے۔سوشل میڈیاپلیٹ فارمزکو بھی اپنی ذمہ داری قبول کرنی ہوگی۔ ان کمپنیوں کوچاہیے کہ وہ جھوٹی معلومات کے پھیلائو کو روکنے کے لیے موثر اقدامات کریں اور ایسے عناصر کے خلاف کارروائی کریں جو نفرت انگیز مواد پھیلا رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں