معرکہ حق میں بھارت پر پاکستان کی عسکری اور تذویراتی برتری ایک ناقابل تردید حقیقت بن کر ابھری ہے۔ اس فیصلہ کن معرکے میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی جرات مندانہ قیادت کی بدولت جس طرح پاکستان نے بھارت کے تکبر کو خاک میں ملایا، موجودہ دور میں اس کی نظیر نہیں ملتی ۔پاکستان کی اس برتری کا تذکرہ عالمی میڈیا میں بھی ہو رہا ہے۔ سپہ سالار فیڈ مارشل سید عاصم منیر کی قائدانہ صلاحیتوں کو عالمی سطح پر سراہا جا رہا ہے۔ امریکی جریدے واشنگٹن ٹائمز نے ایک حالیہ مضمون میں پاکستانی سپہ سالار کو زبردست خراج تحسین پیش کیا ہے۔
اس تجزیے کے مطابق پاک امریکہ تعلقات خصوصی طور پر انسداد دہشت گردی مہم میں تعاون کے حوالے سے مزید مضبوط ہوئے ہیں۔ امریکی صدر ٹرمپ نے دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی کاوشوں کی تعریف کی اور یہ تاثر ابھر کر سامنے آیا ہے کہ امریکی انتظامیہ پاکستان کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو بحال کرنے کے لیے سرگرم نظرآرہی ہے۔ اس حیران کن مثبت تبدیلی میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی کرشماتی قائدانہ صلاحیتوں نے کلیدی کردار ادا کیا ہے۔ پیچیدہ بحرانی صورتحال میں درست فیصلہ سازی کی بدولت امریکی جریدے واشنگٹن ٹائمز نے پاکستان کے سپہ سالار فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو ’’مردِ آہن‘‘ قرار دیا ہے۔واشنگٹن ٹائمز نے یہ پہلو خاص طور پر اجاگر کیا ہے کہ ٹرمپ کے مودی سے بگڑتے تعلقات کے تناظر میں سپہ سالار نے پاکستان کے تزویراتی مفادات کے تحفظ کے لئے بہترین حکمت عملی اپنائی ہے۔ اس کے نتیجے میں بھارت کے ساتھ جنگی تنازع میں پاکستان فاتح بن کر ابھرا ہے۔
اس سے قبل ملک کو درپیش کثیر الجہتی سیاسی و معاشی بحران میں بھی سپہ سالار فیلڈ مارشل عاصم منیر نے پرعزم انداز میں درست فیصلے لے کر اندرونی استحکام بحال کیا۔ شدید دبائو اور بحرانی کیفیت کے دوران مشکل فیصلے لینے کی صلاحیت کو سراہتے ہوئے امریکی جریدے نے سپہ سالار کو آہنی اعصاب کی مالک شخصیت قرار دیا ہے۔
واشنگٹن ٹائمز کے مطابق فیلڈ مارشل کو عالمی سطح پر امریکہ کے ساتھ پاکستان کے سٹریٹجک تعلقات سمیت جنوبی ایشیا کے سیاسی اور سکیورٹی معاملات کے حوالے سے ایک بااثر شخصیت کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
یہ سمجھا جا رہا ہے کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں ایک مضبوط عسکری قوت کا حامل پاکستان جنوبی ایشیا میں صدرٹرمپ کے نئے سٹریٹجک پارٹنر کی حیثیت سے خطے میں استحکام کی علامت بن کر ابھر رہا ہے۔ پاکستانی سپہ سالار انتہائی مضبوط اعصاب کے مالک اور مشکل حالات میں حیران کن حد تک سخت فیصلے لینے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔ قریبی حلقے آرمی چیف کو ایک پیشہ ور، خاموش طبع، اورنظم و ضبط کے پابند فوجی قائد کی حیثیت سے سراہتے ہیں۔واشنگٹن ٹائمز نے یہ پہلو بھی اجاگر کیا ہے کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر خودنمائی اور سیاسی امور میں دلچسپی نہیں رکھتے ہیں۔ پاک بھارت جنگی کشیدگی کے دوران ان کی جرآت اور قائدانہ صلاحیتوں کی وجہ سے عوامی مقبولیت میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ یہی بے نظیر خوبیاں انہیں امریکی صدر ٹرمپ کا فطری شراکت داربناتی ہیں۔ بھارت سے بگڑتے تعلقات کے تناظر میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی ٹرمپ سے ملاقات بہت زیادہ اہمیت کی حامل تھی۔ صدرٹرمپ نے بر وقت کردار ادا کرکے پاکستان اور بھارت میں جنگ بندی کرائی۔ پاکستان نے جنگ بندی پر ٹرمپ کی کاوشوں کو سراہا۔ جبکہ نریندر مودی انتظامیہ نے ثالثی کا انکار کر کے منافقانہ رویہ اپنایا۔فیلڈ مارشل نے افغانستان اور ایران سے لاحق خطرات پرفوجی حکمت عملی اور فیصلہ سازی میں تدبر و فراست کا استعمال کرتے ہوئے نہایت مثبت کردار ادا کیا ہے۔ وہ ہمیشہ دہشت گرد تنظیموں کیخلاف موثر اور فیصلہ کن کارروائی کے حامی رہے ہیں۔
پاک امریکا تعلقات انسداد دہشت گردی میں تعاون کے حوالے سے مزید مضبوط ہوئے ہیں کیونکہ پاکستان نے کابل ایئرپورٹ حملے کے ماسٹر مائنڈ کو گرفتار کرکے امریکا کے حوالے کیا صدر ٹرمپ نے دہشت گردی کیخلاف پاکستان کی کاوشوں کی تعریف کی۔ اس تناظر میں ٹرمپ انتظامیہ پاکستان کے ساتھ تعلقات کو بحال کرنے کیلئے پرجوش دکھائی دے رہی ہے۔امریکی جریدے کے مطابق صدر ٹرمپ کی پاکستان سے اچانک قربت نے دنیا کو حیرت زدہ کردیا ہے۔ ٹرمپ اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کے درمیان ہونے والی اہم ملاقات میں انسداد دہشت گردی، سرمایہ کاری اور تجارتی تعاون پر بات چیت ہوئی۔ بعد ازاں حکومت پاکستان نے امریکی صدر ٹرمپ کو نوبل امن انعام کیلئے نامزد کیا۔ صاف دکھائی دے رہا ہے کہ پاک امریکا تعلقات اب صرف دفاعی نہیں بلکہ معاشی و تجارتی میدان میں بھی فروغ پا رہے ہیں۔ امریکی انتظامیہ پاکستان کی معدنیات، تانبے اور کرپٹو منصوبوں میں دلچسپی کا اظہار کرچکی ہے۔
پاکستان اور امریکہ کے درمیان تیزی سے بہتر ہوتے دو طرفہ تعلقات میں سپہ سالار فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قائدانہ صلاحیتوں نے کلیدی کردار ادا کیا ہے۔ خطے میں ابھرنے والی اس سٹریٹجک تبدیلی سے پاکستان کے ازلی دشمن بھارت کی صفوں میں کھلبلی مچ گئی ہے۔