پاکستان کے نقشے پر رقبے کے اعتبار سے سب سے بڑا صوبہ بلوچستان ہے، مگر قومی بیانئے میں اکثر یہ سوال اٹھتا رہا ہے کہ کیا یہ صوبہ اپنی وسعت کے تناسب سے قومی وسائل، سیاسی نمائندگی اور ترقیاتی مواقع حاصل کر سکا ہے؟ بلوچستان کی تاریخ دراصل محرومیوں، مزاحمت، امیدوں اور ادھورے وعدوں کی ایک طویل داستان ہے۔ آج جب بلوچستان ایک نئے سیاسی اور سماجی بیانیے کے مرکز میں کھڑا ہے تو اس کے تاریخی پس منظر کو سمجھے بغیر موجودہ صورتحال کا تجزیہ ممکن نہیں۔قیام پاکستان کے بعد بلوچستان کی سیاسی حیثیت، قبائلی ڈھانچے اور مرکز و صوبے کے تعلقات ادھیڑ بن کا شکار رہے۔ 1950 ء کی دہائی سے لے کر آج تک مختلف ادوار میں بلوچ قوم پرست تحریکیں ظہور پذیر ہوتی رہیں ، جن کی بنیادی شکایات میں سیاسی خودمختاری، وسائل پر حقِ ملکیت، روزگار میں حصہ داری اور ثقافتی شناخت کا تحفظ شامل تھا۔ قدرت نے بلوچستان کو گیس، معدنیات، ساحلی وسائل سونے جیسے قیمتی خزانوں اور جغرافیائی اہمیت سے نوازا، مگر صوبے کے ایک بڑے طبقے کا احساس یہ رہا کہ ان وسائل کے ثمرات مقامی آبادی تک مطلوبہ سطح پر اس امیدوں کی اور توقعات پر کبھی پوری نہیں اتریں ۔ یہی احساس وقت گزرنے کے ساتھ سیاسی مطالبات کا رخ اختیار کر گیا۔بلوچستان کی محرومیاں فقط معاشی نہیں بلکہ متعدد پہلوئوں پر مشتمل ہیں۔تعلیم اور صحت کے شعبوں میں پسماندگی۔دور دراز علاقوں میں بنیادی سہولیات کا فقدان،بے روزگاری اور صنعتی ترقی کا عدم اطمینان بخش ہونا، وسائل کی تقسیم پر اختلافات۔ لاپتہ افراد اور انسانی حقوق سے متعلق شکایات۔ سیاسی فیصلوں میں مقامی آبادی کے محدود کردار کے ہونے کا شدید تاثر۔
مذکورہ تمام عوامل نے صوبے میں ریاست اور عوام کے درمیان اعتماد کے بحران کو جنم دیا، جسے مختلف ادوار میں عسکری اور سیاسی کشیدگی نے مزید گہرا کیا۔ ماضی میں بلوچستان کی سیاست زیادہ تر قبائلی سرداروں، قوم پرست جماعتوں اور مرکز کے ساتھ اختیارات کی کشمکش کے گرد گھومتی رہی۔ لیکن گزشتہ چند برسوں میں ایک نیا بیانیہ سامنے آیا ہے۔اس نئے بیانیے کا مرکز صرف صوبائی خودمختاری یا وسائل سے سوا انسانی حقوق، جبری گمشدگیوں، نوجوانوں کا سیاسی عمل دخل، خواتین کی قیادت اور آئینی حقوق کے مطالبات بن گئے ہیں۔ مبصرین کے مطابق نوجوان نسل روایتی قوم پرست سیاست اور پارلیمانی سیاست دونوں سے سوال کر رہی ہے اور ایک نئی سیاسی زبان تشکیل دے رہی ہے۔ خاص طور پر بلوچ نوجوانوں اور خواتین کی بڑھتی ہوئی سیاسی سرگرمیوں نے بلوچستان کی سیاست کا منظرنامہ تبدیل کر دیا ہے۔ بعض تجزیہ نگاروں کے مطابق اس تبدیلی نے روایتی قوم پرست قیادت کے لیے بھی نئے چیلنج کھڑے کر دیئے ہیں۔ 2025 ء اور 2026 ء کے برسوں میں بلوچستان میں سکیورٹی چیلنجز، سیاسی احتجاج، اور انسانی حقوق سے متعلق مباحث ایک بار پھر قومی توجہ کا مرکزو محور بنے ہوئے ہیں ۔ ایک طرف ریاست دہشت گردی اور مسلح کارروائیوں کو قومی سلامتی کا مسئلہ تصور کرتی ہے، دوسری جانب مختلف سیاسی اور سماجی حلقے سیاسی مکالمے، انسانی حقوق اور آئینی ضمانتوں پر زور دینے پر عمل پیرا ہیں۔اسی تناظر میں بلوچستان کے بعض سیاسی رہنماں نے بارہا یہ موقف اختیار کیا ہے کہ صوبے کے مسائل کا پائیدار حل سیاسی مذاکرات اور عوامی اعتماد کی بحالی میں پوشیدہ ہیں۔چین پاکستان اقتصادی راہداری (CPEC) اور گوادر بندرگاہ کو بلوچستان کی تقدیر بدلنے والا منصوبہ قرار دیا گیا تھا۔ تاہم آج بھی بلوچستان کے کئی حلقوں میں یہ سوال موجود ہے کہ کیا ان منصوبوں کے فوائد مقامی آبادی تک مطلوبہ سطح پر رسائی حاصل کر سکے ہیں؟گوادر کی ترقی، روزگار، تعلیم، پانی، ماہی گیری اور مقامی آبادی کے حقوق سے متعلق سوالات اب بھی سیاسی بیانیئے کا حصہ ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ ترقیاتی منصوبوں کے ساتھ سماجی انصاف اور مقامی شراکت داری کی اہمیت کے تقاضے زبان زد عام ہو گئے ہیں ۔
موجودہ بلوچستان کا مسئلہ محض سکیورٹی یا محض معاشیات کا نہیں۔ یہ اعتماد، شناخت، نمائندگی اور انصاف کا مسئلہ بھی ہے۔ تاریخ یہ بتاتی ہے کہ طاقت کے استعمال سے وقتی خاموشی تو پیدا کی جا سکتی ہے، مگر پائیدار استحکام کے لئے سیاسی شمولیت ناگزیریت کی جانب بڑھ رہی ہے۔ آج بلوچستان ایک نئے موڑ پر کھڑا ہے۔ نوجوان نسل روایتی نعروں سے آگے بڑھ کر حقوق، شفافیت، انسانی وقار اور موثر حکمرانی کے موقف پر ڈٹی ہوئی ہے ۔ اگر ریاست، سیاسی جماعتیں اور بلوچ قیادت اس بدلتے ہوئے بیانئیے کو سمجھنے میں کامیاب ہو جائیں تو بلوچستان صرف محرومیوں کی داستان نہیں بلکہ قومی ہم آہنگی اور ترقی کی نئی مثال بھی بن سکتا ہے۔بلوچستان کا مستقبل بندوق اور بارود سے نہیں بلکہ اعتماد، مکالمے، آئینی انصاف اور مساوی ترقی میں پنہاں ہے۔ یہی وہ راستہ ہے جو اس زخمی مگر باصلاحیت سرزمین کو استحکام اور خوشحالی کی راہ پر ڈال سکتا ہے۔