ہندوستان ایک جنون میں مبتلا ہے! پاکستان کو تباہ کرنے کا جنون !نریندر مودی کی قیادت اور بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت میں یہ جنون ختم نہیں ہوگا بلکہ اور بڑھے گا۔ نفرت کا عالم یہ ہے کہ آئی سی سی ایشیا کپ کے دوران ٹاس کے موقع پر اور میچ کے اختتام پر بھارتی کھلاڑی مصافحہ کرنے کے بھی روادار نہیں تھے۔ ایسے فیصلے کھلاڑی تو نہیں لے سکتے ظاہر ہے کہ مودی سرکار کی ہدایات پر بھارتی کرکٹ ٹیم نے یہ غیر اخلاقی حرکت کی۔ کسی متوازن سوچ کے حامل فرد نے اس گھٹیا اقدام کو نہیں سراہا پاکستان نے بجا طور پر جائز تحفظات کا اظہار کیا ہے ۔
مقام حیرت ہے کہ فائنل میچ کے بعد اختتامی تقریب میں بھارتی ٹیم نے ٹرافی وصول کرنے سے انکار کر دیا ۔اس اقدام کے پیچھے بھی پاکستان دشمن سوچ کار فرما ہے ۔آئی سی سی کے سربراہ پاکستان کے وزیر داخلہ اور پی سی بی کے چیئرمین محسن نقوی چونکہ پاکستانی ہیں اس لیے بھارتی ٹیم نے ان کے ہاتھ سے ٹرافی لینا گوارا نہیں کیا۔ صاف محسوس کیا جا سکتا ہے کہ بھارتی ٹیم بی جے پی سرکار کے گھڑے ہوئے نفرت انگیز بیانیے کی اسیر بنی ہوئی ہے پہلے میچ کے اختتام پر بھارتی کپتان نے پہلگام دہشت گرد حملے کے تناظر میں بی جے پی سرکار کی رٹائی متنازع تقریر جھاڑ دی۔ پاکستان نے بروقت آئی سی سی حکام کو اس سیاست زدہ رویے کی شکایت کی ۔ آر ایس ایس کے نظریات و افکار سے متاثر نریندر مودی سے مسلمانوں کے لیے خیر کی توقع رکھنا عبث ہے ۔بی جے پی کے متعصب نیتا مسلمانوں سمیت سکھوں، کشمیریوں اور دلتوں کا مکمل صفایا کرنا چاہتے ہیں۔
حال ہی میں کینیڈا کی حکومت نے بھارت کے بشنوئی گینگ کو دہشت گرد قرار دے دیا ہے۔ یہ تنظیم بیرون ملک مقیم بھارتی سکھوں کو ہدف بنا رہی تھی ۔امریکی اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ نے سکھ رہنما کو کرائے کے قاتل کے ذریعے ختم کرانے کے مجرمانہ منصوبے میں بھارتی ایجنسیوں کے اہلکاروں کے ملوث ہونے کے معاملے میں حقائق منکشف کر کے پاکستان کے موقف کی تائید کر دی ہے۔ بھارتی حزب اختلاف مودی سرکار کو ہدف تنقید بنا رہی ہے ۔کانگرس کے نیتا ششی تھرور کو نام نہاد آپریشن سیندور کی کامیابی کے جھوٹے فسانے گھڑنے کے لیے وفد کا سربراہ بنا کر کئی ممالک میں بھیجا گیا تھا ۔آج وہی ششی تھرور کرکٹ جیسے شرفا کے کھیل کو زہریلی سیاست سے آلودہ کرنے پر بی جے پی سرکار پر تنقید کر رہا ہے کرکٹ کے میدان میں بھارتی ٹیم کا قابل اعتراض رویہ دراصل مودی سرکار کی پاکستان دشمن سوچ کا شاخسانہ ہے۔ ہے بی جے پی کے سر پر جنون سوار ہے کہ کسی بھی طرح پاکستان کو نیچا دکھا کر اپنے سر فتح کا سہرا سجا لیا جائے۔ اسی قابل مذمت مقصد کے حصول کے لیے پہلگام حملے کی آڑ میں پاکستان کے خلاف جنگی جنون کی آگ بھڑکائی گئی۔ سرحد پار دہشت گردی کا جھوٹا بیانیہ گھڑ کر بنا تحقیقات اور ثبوت کے پہلے تو یکطرفہ طور پر اور سندھ طاس معاہدے کی معطلی کا اعلان کیا گیا اور بعد ازاں میزائل حملوں کا جنونی اقدام اٹھایا گیا ۔پاکستان کے منہ توڑ اور برق رفتار جوابی حملوں نے مودی سرکار کے اوسان خطا کر دیے۔ پاکستان کو شکست دینے کا خواب چکنا چور ہو گیا۔ جدید رافیل طیاروں کی تباہی نے فوجی برتری کا بھارتی غرور خاک میں ملا دیا۔ مودی سرکار نے یہ سارا فساد اس لیے بپا کیا کہ سیاسی دکان بھی چمک جائے اور ریاستی الیکشن میں پاکستان دشمنی کا چورن بیچ کر ووٹ بھی بٹور لیے جائیں۔ تاہم معاملہ اس کے برعکس ہو گیا ۔فتح کے بجائے پاکستان کے ہاتھوں فیصلہ کن شکست کا داغ ہمیشہ کے لیے بھارت کی پیشانی پر لگ چکا ہے۔
ماضی میں بھی مودی سرکار کو فوجی ہزیمت کا سامنا ہوا تھا ۔پلوامہ حملے کا ڈرامہ رچا کر بی جے پی نے بالاکوٹ سرجیکل اسٹرائک کا دعوی کیا تھا ۔بھارت کے دو طیارے تباہ اور ایک ہوا باز ابھی نندن کو گرفتار کر کے پاکستان نے نریندر مودی کے ارادوں پر پانی پھیر دیا تھا۔ پلوامہ فالس فلیگ کی حقیقت بھارتی سیاستدان اور مقبوضہ کشمیر کے سابق گورنر ورما ملک نے ببانگ دھول بیان کر کے بی جے پی کی دھوکہ دہی بے نقاب کر دی تھی۔ اس وقت رافیل طیاروں کی دہائی دے کر بی جے پی نے پاکستان کے خلاف جنگی جنون کا بیانیہ گھڑا اور ووٹ بٹور لیے۔اس دفعہ معاملہ قابو سے باہر ہو گیا ہے۔ پاکستان کے دلیرانہ جوابی اقدام نے نہ صرف بی جے پی کے مذموم مقاصد ناکام بنا دیے ہیں بلکہ خطے میں بھارت کی بالا دستی کا بے بنیاد تصور بھی برباد کر دیا ہے ۔ہر محاذ پر ناکامی کا منہ دیکھنے کے بعد مودی سرکار نے گودی میڈیا کے جھوٹے پروپیگنڈے کے ذریعے بھارتی عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکی تاہم یہ دھوکہ چند گھنٹے کے بعد بے نقاب ہو گیا۔
دنیا جان چکی ہے کہ شکست خوردہ بھارت کے مقابل پاکستان فاتح بن کر ابھراہے ۔اب نریندر مودی کی امیدیں بھی بی گریڈ بالی وڈ فلموں اور کھیل کے مقابلوں میں حصہ لینے والی ٹیموں سے وابستہ ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ ایشیا کپ کا فائنل جیتنے کے بعد پردھان منتری مودی جی نے سوشل میڈیا پر کرکٹ میچ کو آپریشن سیندور سے تشبیہ دی۔ جی ہاں وہی آپریشن سیندور جس کی ناکامی اب بی جے پی کے لیے کلنک کا داغ بن چکی ہے۔