Search
Close this search box.
جمعرات ,04 جون ,2026ء

بھارتی وڑانچ طیارے

رب ذوالجلال نے جس کے نصیب میں ذلت و رسوائی لکھی ہوئی ہوتی ہے وہ اپنے مقررہ وقت پر پوری ہو کر ہی رہتی ہے۔ جیسے بھارت معرکہ المرصوص میں رسوا ہوا تھا اور اب دبئی میں منعقد ہونے والے ایک ائیر شو میں بھارتی طیارے کی شوخیاں اس کی جگ ہنسائی کا باعث بن رہی ہیں اور ڈگا کھوتی توں غصہ کمیار کے مصداق اس کا سارا الزام امریکہ پر تھوپا جارہا ہے بھارتی طیاروں سے زیادہ تو پنجاب کے مختلف روٹوں پر چلنے والے وڑانچ طیارے اچھے ہیں جو خستہ حال ہونے کے باوجود مسافروں کو اپنی منزل مقصود پر تو پہنچا دیتے ہیں۔ جنگی طیارے اڑانے کے لئے جگرا اور مہارت درکار ہوتی ہے جو پاکستان ائیر فورس کے شہسواروں میں کوٹ کوٹ کر بھری ہوئی ہے۔ اکثر کہا جاتا ہے کہ جیسی روح، ویسے فرشتے، اب جیسا بھارتی وزیراعظم نریندر مودی، ویسی ہی اس کی فوج، نریندر مودی کی عزت و وقار کا بھانڈا بیچ چوراہے میں پھوٹ چکا ہے۔ جو تھوڑا بہت بچ گیا ہے وہ انشاء اللہ آئندہ کسی معرکہ حق میں پھوٹ جائے گا، کریش ہونے والے بھارتی دفاعی طیارے کو تیجس کے نام سے پکارا جاتا ہے جس طرح ایک نقطہ محرم کو مجرم بنا دیتا ہے اس طرح ایک دو نقطے ادھر ادھر کرنے سے تیجس، نجس بھی بن سکتا ہے۔
ہندوستان کا ایک طیارہ نہیں بلکہ ہر شعبہ ہی نجس ہے، انشاء اللہ اب طویل عرصے تک نریندر مودی کو پاکستان کے ساتھ جنگ کرنے کاحوصلہ نہیں ہوگا ایک رپورٹ کے مطابق بھارتی نجس طیارے کی پرواز سے قبل جاری کی گئی تصاویر میں آئل لیک ہوتا ہوا واضع دکھائی دے رہا تھا لیکن اس کے باوجود حکام نے کھڑکھڑا طیارہ ائیر شو میںبھیج دیا۔ بھارت کا تقریباً 83 ملین ڈالر کا سالانہ دفاعی بجٹ ہونے کے باوجود اس کی دفاعی صلاحیت افغانستان کے برابر بھی نہیں ہے۔ صاف ظاہر ہے کہ بھارت کی دفاعی صلاحیت ٹھس ہوچکی ہے اور نریندر مودی اب صرف بڑھکوں سے عوام کا دل بہلا رہا ہے۔
پاکستان ائیرفورس کے شہید پائلٹ ونگ کمانڈر نعمان اکرم کو صدق دل سے سلام عقیدت ،جنہیں ان کی لازوال جرات اور بہادری پر قومی ہیرو کا خطاب دیا گیا ہے۔ انہوں نے 2023ء کو اسلام آباد میں تیس مارچ یوم پاکستان کے موقع پر ریہرسل کے دوران طیارے میں سنگین نوعیت کی فنی خرابی پیدا ہونے کے باوجود طیارے کو شہری آبادی سے کئی کلو میٹر دور جا کر زمین سے ٹکڑا دیا تھا۔ جس سے سینکڑوں انسانی جانیں محفوظ رہیں جبکہ ان کے پاس اپنی جان بچانے کا آپشن سو فیصد موجود تھا۔ دبئی ائیرشو میں تباہ ہونے والے طیارے کے پائلٹ ونگ کمانڈر نمیش سیال کی اہلیہ بھی ائیر فورس میں اعلیٰ عہدے پر فائز ہیں۔ دونوں کی ایک بیٹی بھی ہے ونگ کمانڈر نمیش سیال کے والد جگن ناتھ سیال جو ایک تعلیمی ادارے کے سربراہ ہیں کے مطابق انہوں نے حادثے سے ایک دن قبل آخری بار اپنے بیٹے سے بات کی تھی اور اس سے ائیر شو کے حوالے سے پوچھا تھا جس پر اس نے کہا کہ آپ ٹی وی یا یوٹیوب پر دیکھ لینا۔ بیٹے کے کہنے پر جمعے کی شام چار بجے یوٹیوب پر جب میں ائیر شو کی ویڈیو تلاش کر رہا تھا تو میری نظر ایک طیارے کے تباہ ہونے کی خبر پر پڑھی۔ میں نے فوراً اپنی بہو سے رابطہ کیا اور اسے کہا کہ پتہ کرو کہ کیا صورتحال ہے۔ بہو سے گفتگو کو چند منٹ ہی گزرے تھے کہ ائیر فورس کے پانچ چھ اعلیٰ افسر ہمارے گھر آگئے جنہیں دیکھ کر مجھے یقین ہوگیا کہ معاملہ گڑبڑ ہے۔ دبئی ائیر شو میں طیارہ حادثہ کے بعد ہندوستان کی دفاعی صلاحیت اور نرینددر مودی کی اکڑ کو شدید جھٹکا لگا ہے جس سے یقینا نریندر مودی کو افاقہ ہوگا۔ بھارتی ائیر چیف اے پی سنگھ اس سے قبل برملا یہ اعتراف کر چکا ہے کہ بدعنوانی، کرپشن، نااہلی اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں فقدان کے باعث ہمیں شرمندگی اور شکست کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ نجس طیارے بھارت میں ہی تیار کئے جاتے ہیں جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ طیارے تیار کرنے والے بھارتی ڈنیٹر، پینٹر ہی طیارہ حادثوں کے ذمے دار ہیں۔ کیونکہ گزشتہ برس بھی ایک نجس طیارہ راجستھان میں گر کر پھیتی پھیتی ہوگیا تھا۔ طیاروں کے آئل لیک ہونے کے متعدد واقعات بھی منظر عام پر آچکے ہیں۔ جس سے یہی نتیجہ اخذ کیا جاسکتا ہے کہ ہندوستانی ٹیکنالوجی اگرمعیاری ہو تو آئل لیک ہونے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا بالغرض اگر ٹیکنالوجی معیار کے مطابق ہے تو پھر طیارے تیار کرنے والوں کی مہارت پر سوالہ نشان ہے۔ جبکہ ایک طیارے پر پانچ سو پانچ کروڑ روپے لاگت آرہی ہے۔
دبئی ائیر شو میں دفاعی طیارے کے حادثے کے بعد بھارتی عوام کا یہ مطالبہ زور پکڑ رہا ہے کہ بھارتی ائیر چیف اے پی سنگھ اپنے عہدے سے استعفی دے کر گھر جاتے۔ کرپشن اور نااہلی کے برملا اعتراف کے بعد اس کا اپنے منصب پر فائز رہنا مزید حادثوں اور رسوائی کا باعث بن سکتا ہے۔ دوسری جانب پاکستان کے جے ایف 17تھنڈر طیاروں اور شہسواروں کو دنیا میں جو پذیرائی اور عزت افزائی حاصل ہو رہی ہے۔ اس سے بھی بھارتی عوام کے سینوں پر سانپ لوٹ رہا ہے۔ جھپٹنا پلٹنا، پلٹ کر جھپٹنا۔ افواج پاکستان کا یہی شیوہ ہے جس نے پاکستان کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنا دیا ہے۔ نریندر مودی کو اکثر پاکستان کے ساتھ جنگ کی خارش لاحق ہو جاتی ہے۔ لیکن انشاء اللہ اب اس کی بد،کھرک ضرور ختم ہو جائے گی۔ پاکستان زندہ باد، افواج پاکستان پائندہ باد

یہ بھی پڑھیں