Search
Close this search box.
بدھ ,24 جون ,2026ء

پانی بطور ہتھیاراور گائو کدل قتل عام

پاکستان نے خبردار کیا ہے کہ بھارت کی طرف سے سندھ طاس معاہدے کی یکطرفہ معطلی کے فیصلے نے پاکستان کی آبی سلامتی اور علاقائی استحکام کے لئے ایک غیر معمولی بحران پیدا کردیا ہے۔ اقوام متحدہ میں پاکستان کے نمائندے عثمان جدون نے اس اقدام کو دانستہ طور پر “پانی کو ہتھیار بنانے کا اقدام قرار دیتے ہوئے کہا کہ بھارت کے اقدامات 1960 کے تاریخی معاہدے کی خلاف ورزی کے مترادف ہیں۔
کینیڈا اور اقوام متحدہ کی یونیورسٹی کی میزبانی میں راو  ڈ ٹیبل سے خطاب کرتے ہوئے سفیر جدون نے کہا کہ گزشتہ سال اپریل سے بھارت نے معاہدے کی کئی سنگین خلاف ورزیاں کی ہیں، جن میں پانی کے بہائو میں غیر اعلانیہ رکاوٹیں اور اہم ہائیڈروولوجیکل ڈیٹا کو روکنا شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا موقف واضح ہے، یہ معاہدہ قانونی طور پر برقرار ہے اور کسی یکطرفہ معطلی یا ترمیم کی اجازت نہیں دیتا۔انہوں نے کہا کہ بیسن پاکستان کی 80 فیصد سے زیادہ زرعی پانی کی ضروریات فراہم کرتا ہے اور 240 ملین سے زیادہ لوگوں کی زندگی اور معاش کو سہارا دیتا ہے۔
سفیر نے کہا کہ پانی کا عدم تحفظ عالمی سطح پر ایک نظامی خطرے کے طور پر ابھرا ہے جس سے خوراک کی پیداوار، توانائی کے نظام، صحت عامہ، معاش اور انسانی سلامتی متاثر ہو رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کو سیلابوں، خشک سالی، تیزی سے گلیشیئر پگھلنے، زمینی پانی کی کمی اور آبادی میں تیزی سے اضافہ کا سامنا ہے اور وہ مسائل سے نمٹنے کی کوشش کر رہا ہے تاہم اس طرح کے مسائل کو کوئی بھی ملک اکیلے نہیں سنبھال سکتا۔ عثمان جدون نے مزید کہا کہ پانی کے عدم تحفظ کو 2026 کی اقوام متحدہ کی آبی کانفرنس میں باضابطہ طور پر ایک نظامی عالمی خطرہ کے طور پر تسلیم کیا جانا چاہیے۔
دوسری طرف بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے گائوکدل قتل عام کے شہداکو ان کے 33ویں یوم شہادت پر شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے شہداکے عظیم مشن کو مقصد کے حصول تک جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈووکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں جاری اپنے بیان میں کہا کہ گاو کدل قتل عام کشمیر میں بڑے پیمانے پر کیے گئے قتل عام کے سب سے ہولناک واقعات میں سے ایک ہے جس کی خوفناک یادیں اب بھی کشمیریوں کے ذہنوں میں تازہ ہیں اور ان کے لیے تکلیف کا باعث ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بھارتی فوجیوں نے مقبوضہ علاقے میں بے شمار قتل عام کیے ہیں لیکن ان اندوہناک واقعات میں ملوث ایک بھی فوجی کو اب تک سزا نہیں دی گئی۔ ترجمان نے کہا کہ تین دہائیوں سے زائد کا عرصہ گزر جانے کے باوجود گاو کدل قتل عام کے متاثرین انصاف کی تلاش میںدر در کی ٹھوکریں کھا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت اقوام متحدہ کی طرف سے تسلیم شدہ حق خودارادیت کے حصول کے لیے کشمیریوں کی جدوجہد کو دبانے کے لیے بے گناہ کشمیریوں کا قتل عام کر رہا ہے لیکن وہ اپنے مذموم عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری اپنے شہداکی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے او ر وہ بھارتی تسلط سے آزادی تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے افسوس کا اظہار کیا کہ مقبوضہ جموںوکشمیر میں بھارتی ریاستی دہشت گردی پر عالمی برادری کی مجرمانہ خاموشی نے نئی دہلی کو بے گناہ کشمیریوں پر مظالم جاری رکھنے کی شہ دی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ مقبوضہ علاقے میں قتل عام کے تمام واقعات کی غیر جانبدارانہ بین الاقوامی تحقیقات کرائی جائیں تاکہ ان جرائم میں ملوث بھارتی فوجیوں کو سزا دی جا سکے۔یاد رہے کہ بھارتی پیراملٹری سینٹرل ریزرو پولیس فورس(سی آر پی ایف ) کے اہلکاروں نے 1990میں آج ہی کے دن سری نگر کے علاقے گاو کدل میں پرامن مظاہرین پر اندھا دھند فائرنگ کر کے 50 سے زائد افراد کو شہید جبکہ بیسیوں کو زخمی کر دیا تھا۔ یہ مظاہرہ بھارتی فوجیوں کی طرف سے علاقے میں کئی خواتین کی بے حرمتی کے خلاف کیا جا رہا تھا۔
ظلم و ستم انتہا تو یہ بھی ہے کہ بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں بھارتی پولیس نے ضلع ریاسی میں کرایہ کے گھروں میں رہائش پذیر افراد کے خلاف کریک شروع کر دیا ہے اور کئی افراد کیخلاف مقدمہ درج کر لیے ہیں۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق پولیس نے ڈبہ موڑ ، ککریال کے علاقوں میں آپریشن کیا اور بغیر پولیس تصدیق کے اپنی جائیدادیں کرایہ پر دینے پر کئی افراد کے خلاف مقدمات درج کر لیے۔ پولیس نے بغیر تصدیق کے کرایہ دار رکھنے پر اونکار سنگھ نامی ایک شخص کو گرفتار کر لیا ۔ بعد ازاں عدالت نے اسے جرمانے کی سزا سنائی۔
ویشنو دیوی مندر کے علاقے میں محنت مشقت کر کے روزی روٹی کمانے والے شبیر خان نامی ایک شخص کے خلاف بھی مقدمہ درج کیا گیا ۔ پولیس نے ان پر انتظامیہ سے اجازت نامہ حاصل کیے بغیر محنت مزدور ی کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں