برصغیر کی سیاست میں بھٹو خاندان محض ایک سیاسی نام نہیں بلکہ ایک داستان ہے اقتدار، قربانی، جلاوطنی اور سانحات سے لبریز داستان۔ اسی داستان کی ایک خاموش مگر حساس وارث فاطمہ بھٹو ہیں۔ وہ ذوالفقار علی بھٹو کی پوتی، میر مرتضی بھٹو کی بیٹی اور بے نظیر بھٹو کی بھتیجی، ایک ایسا نسب جس کی تہہ در تہہ کہانی پاکستان کی پارلیمان سے لے کر جلاوطنی کے دکھوں تک میں گندھی ہوئی سنائی دیتی ہے۔ اس خاندان نے اقتدار کے ایوان بھی دیکھے اور عدالتوں کے کٹہرے بھی؛ جمہوریت کے نعرے بھی سنے اور گولیوں کی گولیوں کی گونجیں بھی۔ فاطمہ بھٹو سیاسی ہنگاموں، جلاوطنی کی تنہائیوں اور خاندانی المیوں کے سائے تلے پلی۔وہ بچی جس نے بچپن کے گلاب لمحوں کو باپ کے لہو میں رنگا دیکھا ، خاندانی اختلافات اور پاکستانی سیاست کے تلخ حقائق کو شعور کے ابتدائی دنوں میں دیکھا اور دل اتھاہ گہرائیوں سے محسوس کیا ۔جس کی وجہ سے اس کی شخصیت میں ایک عجیب دوہرا پن پیدا ہوا ۔اختتامیہ یک طرف سیاسی تاریخ کا بوجھ، دوسری طرف ذاتی شناخت کی تلاش۔ یہی پس منظر انہیں عام لکھاریوں سے مختلف بناتا ہے۔ ان کے لئے ذاتی دکھ کبھی صرف ذاتی نہیں رہتا، وہ تاریخ، طاقت اور محرومی کے اجتماعی تجربے کے سنگم پر بلوغت کی عمر کو پہنچیں۔ایسے پس منظر میں پروان چڑھنے والی فاطمہ بھٹو جب The Hour of the Wolf لکھتی ہیں تو یہ محض ایک یادداشت نہیں بلکہ ایک داخلی گواہی کی حیثیت رکھتی ہے ایک ایسی ذات کی طاقت جو ایوانوں کے سائے میں عدم تحفظ کی شکار رہی۔
ان کی تازہ تخلیقی کاوش میں پڑھنے والے کو ایک اہم تضاد دکھائی دیتا ہے ۔ ایک ایسا نام جو سیاسی طاقت کی علامت سمجھا جاتا ہے، اسی نام کی وارث اپنی کتاب میں جذباتی کمزوری، ذہنی اضطراب اور زہر بھرے رشتوں میں الجھے ہونے کا اعتراف کرتی ہوئی دکھائی دیتی ہیں۔ یہی تضاد اس کتاب کو غیر معمولی بناتا ہے۔بھیڑیے کی گھڑی، اندھیرے کا استعارہ اور کتاب کا عنوان The Hour of the Wolf اس گھڑی کی طرف اشارہ کرتا ہے جب رات اپنے گہرے ترین اندھیرے میں ہوتی ہے اور انسان کا ذہن خوف، بے چینی اور تنہائی سے بھر جاتا ہے۔ یہ استعارہ فاطمہ بھٹو کی ذہنی کیفیت کا پرتو ہے۔ ان کی زندگی کا ایک طویل دور ایسا رہا جب وہ باہر سے پراعتماد اور مضبوط نظر آتی تھیں مگر اندرونی طور پر گہری چپ کے خوف میں لپٹی ہوئی تھیں۔ محبت کا فریب اور نفسیاتی گرفت ،کتاب کا مرکزی دائرہ ہے جو ایک ایسے تعلق کے گرد گھومتا ہے جسے وہ ابتدا میں محبت سمجھتی رہیں۔ مگر وقت کے ساتھ یہ رشتہ جذباتی انحصار، ذہنی تنائو اور نفسیاتی دبائو کی شکل اختیار کر گیا۔ وہ شخص جسے وہ The Man کہتی ہیں، ان کی دنیا کا محور بنتا گیا۔ آہستہ آہستہ ان کی خودی، فیصلہ سازی اور اعتماد کمزور پڑتے گئے۔ یہ وہ کیفیت ہے جس میں انسان قید کو رفاقت اور دبا کو محبت سمجھنے لگتا ہے۔یہ حصہ کتاب کو محض ذاتی اعتراف سے آگے لے جاتا ہے۔ فاطمہ بھٹو دراصل ان بے شمار عورتوں اور مردوں کی نمائندگی کرتی نظر آتی ہیں جو خاموشی سے ایسے رشتوں میں جکڑے رہتے ہیں جن میں محبت کے نام پر شخصیت تحلیل ہو جاتی ہے۔کتاب کا ایک اہم پہلو احساس ندامت ہے۔ وہ اعتراف کرتی ہیں کہ انہیں طویل عرصہ تک یہ بات ماننے میں مشکل پیش آئی کہ وہ ایک زہربھرے رشتے کی قید میں تھیں۔ ایک بااثر سیاسی خاندان کی فرد ہونے کے باوجود، وہ اپنے آپ کواندرونی طور پر کمزور اور الجھی ہوئی محسوس کرتی تھیں۔ مگر اسی اعتراف نے انہیں ایک ایسے راستے پر ڈالا جو قاری کو یہ سوچنے پر مجبور کرتا ہے کہ ’’خاموشی زخم کو گہرا کرتی ہے، جبکہ سچ کا سامنا کرنا آزادی کی پہلی سیڑھی ہے۔‘‘کوکو غیر مشروط محبت کی علامت کتاب کا سب سے مخملیں اور روشن پہلو ان کا ’’پالتو کتا کوکو‘‘ہے۔ کوکو ان کی زندگی میں اس وقت آیا جب وہ جذباتی طور پر ٹوٹ چکی تھیں۔ اس جانور کی غیر مشروط محبت نے انہیں پہلی بار یہ احساس دلایا کہ محبت خوف کے بغیر بھی ہو سکتی ہے۔ کوکو کی موجودگی ایک شفا بخش قوت بن گئی۔ یہاں فاطمہ بھٹو انسانی اور فطری محبت کے فرق کو بڑی سادگی سے بیان کرتی ہیں ، انسان شرطیں لگاتا ہے، فطرت نہیں۔کتاب میں جگہ جگہ فطرت، جانوروں اور اندھیرے کے استعارے ملتے ہیں۔ یہ سب انسانی نفسیات کے استعارے بن جاتے ہیں۔ فاطمہ بھٹو دکھاتی ہیں کہ انسان اپنے خوف کو تہذیب کے پردے میں چھپا لیتا ہے، مگر اندر سے وہ اتنا ہی کمزور اور تنہا ہو سکتا ہے جتنا جنگل میں کھڑا کوئی جانور۔ یہ فلسفیانہ جہت کتاب کو ایک وسیع تناظر عطاء کرتی ہے۔
کتاب کا اختتام مایوسی پر نہیں بلکہ بازیافت پر ہوتا ہے۔ فاطمہ بھٹو آہستہ آہستہ اس رشتے سے نکلتی ہیں، اپنی آواز دوبارہ حاصل کرتی ہیں اور اپنی شناخت کو نئے سرے سے تعمیر کرتی ہیں۔ یہ عمل فوری نہیں بلکہ تکلیف دہ اور طویل ہے، مگر یہی سفر انہیں اندرونی آزادی تک لے جاتا ہے۔وہ قاری کو یہ پیغام دیتی ہیں کہ طاقت کمزور نہ ہونے میں نہیں بلکہ ٹوٹ کر دوبارہ جڑنے میں ہے۔ اصل جرات دوسروں کے سامنے مضبوط دکھائی دینے میں نہیں بلکہ خود سے سچ بولنے میں ہے۔یوں The Hour of the Wolf صرف ایک عورت کی ذاتی بازیافت کی کہانی نہیں رہتی، بلکہ بھٹو خاندان کی تاریخ کے شور سے نکلتی ہوئی ایک دھیمی آواز کی صورت نکلی ایک چیخ کا روپ دھار لیتی ہے وہ سچ کی آواز بن جاتی ہے۔ یہ کتاب یاد دلاتی ہے کہ اقتدار کے ایوانوں میں گونجنے والے نام بھی رات کے آخری پہر میں تنہا ہو جاتے ہیں۔ فاطمہ بھٹو کی داستان اس حقیقت پر مہر تصدیق ثبت کرتی ہے کہ وراثت انسان کو شناخت تو دے سکتی ہے، مگر سکون نہیں، شہرت پہچان دلا سکتی ہے، مگر دل کی گرہیں خود ہی کھولنی پڑتی ہیں۔بھٹو خاندان نے تاریخ کے بڑے معرکے دیکھے، مگر فاطمہ بھٹو نے اپنے دل کے اندر کا معرکہ لڑا ، اور یہی معرکہ سب سے کٹھن تھا۔ اس اندھیری گھڑی سے گزر کر وہ ہمیں یہ یاد کراتی ہیں کہ اصل آزادی سیاسی نہیں، باطنی ہوتی ہے، اور سب سے بڑی جیت وہ ہے جب انسان اپنے خوف کو پہچان کر اس کے پار دیکھنے کے قابل ہوجائے۔
