گزشتہ سال بھارتی جارحیت پر پاکستان کے ردعمل نے سیاست میں طاقت کے استعمال سے متعلق کئی بنیادی سوالات کو نمایاں کر دیا ہے۔ اسے محض ایک عسکری یا سفارتی کشمکش نہیں کہاجاسکتا،یہ ایک ایسا تجربہ تھاجس نے واضح کر دیا کہ طاقت کا بےلگام استعمال نہ تو مستقل برتری کا ذریعہ بن سکتا ہے اور نہ ہی اس کے ذریعے حالات کو ہمیشہ ایک ہی سمت میں موڑاجا سکتا ہے۔دباؤ، الزام تراشی اور عسکری اشاروں پر مبنی حکمت عملی وقتی طور پر اثر ضرور ڈالتی ہے لیکن اس کے ساتھ ہی ایک ایسا ردعمل بھی جنم لیتا ہے جو اکثر پورے توازن کو تبدیل کر دیتا ہے۔ بین الاقوامی سیاست میں یہ اصول اب زیادہ واضح ہو چکا ہے کہ یکطرفہ دباؤ جتنا بڑھتا ہے اس کے جواب میں پیدا ہونے والی مزاحمت بھی اسی تناسب سے مضبوط ہوتی ہے۔ بھارت کی جانب سے یہ اشتعال انگیزی کسی اچانک اشتعال یا غیر متوقع واقعے کا نتیجہ نہیں تھی بلکہ ایک طویل سلسلے کی کڑی تھی جس میں بھارت کی جانب سے مسلسل یکطرفہ اقدامات، سفارتی دباؤ اور بیانیے کی جنگ کو ایک منظم حکمت عملی کے طور پر استعمال کیا جاتا رہا ہے۔ اس مرتبہ بھی بھارت نے یہی کیا، لیکن عملی سطح پرحقائق کو کسی بھی مصنوعی فریم میں محدود نہیں کیا جا سکتا، وقت کے ساتھ یہ اپنی اصل شکل میں ضرور سامنے اتے ہیں۔ پاکستان نے ابتدا ہی سے ایک محتاط، متوازن اور ذمہ دارانہ طرزِ عمل اختیار کیا۔ جذباتی ردعمل یا فوری سخت اقدامات کے بجائے معاملے کو سفارتی اور سیاسی سطح پر لے جایا گیا۔ ہر الزام کا جواب شواہد اور ٹھوس دلائل کے ساتھ دیا گیا جبکہ عالمی برادری کو مسلسل زمینی حقائق سے آگاہ رکھا گیا۔پاکستان کا یہ طرزِعمل کسی کمزوری کا اظہار نہیں تھا بلکہ ایک بالغ ریاستی حکمت عملی تھی جس کا مقصد بحران کو بڑھانا نہیں بلکہ اسے قابو میں رکھنا تھا۔ جیسے جیسے صورتحال میں شدت آتی گئی اور دباؤ بڑھتا گیا، پاکستان نے اپنا ردعمل بھی زیادہ واضح، مربوط اور فیصلہ کن انداز میں سامنے رکھا۔ یہ ردعمل نہ تو جذباتی تھا اور نہ ہی غیر متوازن بلکہ مکمل تیاری، محدود دائرہ کار اور واضح اہداف کے ساتھ سامنے آیا۔ اس اقدام نے فوری طور پر زمینی توازن پر اثر ڈالا، تاہم اس کا مقصد کسی طویل محاذ آرائی کو جنم دینا نہیں تھا بلکہ صورتحال کو اس نہج پر لانا تھا جہاں قومی خودمختاری کے بنیادی اصول واضح طور پر تسلیم کیے جائیں۔اہم بات یہ ہے کہ پاکستان کا ردعمل کسی بے قابو کیفیت میں تبدیل نہیں ہوا۔ نہ غیر ضروری شدت اختیار کی گئی اور نہ ہی فیصلوں کو جذبات کے تابع ہونے دیا گیا۔ اسی توازن نے صورتحال کو بڑے بحران میں بدلنے کے بجائے اسے ایک حد کے اندر رکھا اور رفتہ رفتہ استحکام کی طرف لے جانے میں مدد دی۔ اسی دوران سفارتی سطح پر بھی بھرپور سرگرمی جاری رہی۔
پاکستان نے عالمی فورمز پر اپنا مؤقف نہایت وضاحت اور اعتماد کے ساتھ پیش کیا۔ ہر الزام کا جواب شواہد کی بنیاد پر دیا گیا جس سے یہ تاثر مزید مضبوط ہوا کہ پاکستان کا مؤقف محض ردعمل نہیں بلکہ زمینی حقائق پر مبنی ایک مربوط موقف ہے۔ اس سفارتی حکمت عملی نے بھارت کے یکطرفہ بیانیے پر بھی سوالات اٹھائے اور عالمی رائے عامہ کو زیادہ متوازن انداز میں صورتحال کو سمجھنے کا موقع فراہم کیا۔ یہ حقیقت بھی نمایاں ہوئی کہ جدید دور میں طاقت صرف عسکری برتری کا نام نہیں رہی، اب اصل اثر اس ریاست کا ہوتا ہے جو اپنے بیانیے کو مضبوط، اپنے ردعمل کو متوازن اور اپنی سفارتکاری کو مؤثر رکھتی ہے۔ بیانیہ اگر کمزور ہو تو طاقتور عسکری وسائل بھی اثر کو دیرپا نہیں بنا سکتے جبکہ متوازن حکمت عملی کم وسائل کے باوجود بھی دیرپا اثر پیدا کر سکتی ہے۔ پاکستان کے طرزِ عمل نے یہ بھی واضح کیا کہ صبر اور تحمل کسی بھی صورت میں کمزوری نہیں بلکہ ریاستی حکمت اور سیاسی پختگی کی علامت ہیں۔ تاہم یہ صبر غیرمحدود نہیں ہوتا جب حالات ایک خاص حد سے تجاوز کرتے ہیں تو ردعمل بھی اسی شدت اور وضاحت کے ساتھ سامنے آتا ہے۔ یہی توازن ایک ذمہ دار ریاست کو غیر ذمہ دار رویے سے ممتاز کرتا ہے۔ اگر معرکہ حق کا گہرائی سے جائزہ لیا جائے تو یہ حقیقت بھی سامنے آتی ہے کہ غیر ذمہ دارانہ طاقت کا استعمال بالآخر اسی فریق کے لیے پیچیدگیاں پیدا کرتا ہے جو اسے اختیار کرتا ہے۔ وقتی دباؤ شاید فوری اثر دکھا دے لیکن اس کے نتیجے میں پیدا ہونے والا ردعمل زیادہ منظم، زیادہ واضح اور زیادہ دیرپا ہوتا ہے۔ اس کے برعکس متوازن حکمت عملی نہ صرف بحران کو محدود رکھتی ہے بلکہ مستقبل کے لیے استحکام کی 1بنیاد بھی فراہم کرتی ہے۔پاکستان اور بھارت دونوں فریقوں کے طرزِ عمل کا فرق اس پورے معاملے میں نمایاں رہا۔ ایک جانب جلد بازی، الزام تراشی اور دباؤ کی سیاست تھی جبکہ دوسری جانب تدبر، منصوبہ بندی اور متوازن ردعمل تھا۔ اسی فرق نے نتائج کا تعین کرنے میں بنیادی کردار ادا کیا کیونکہ ریاستی تاریخ ہمیشہ اس کے ساتھ کھڑی ہوتی ہے جو حقیقت، توازن اور حکمت کے ساتھ اپنا مؤقف برقرار رکھے۔ یہ پہلو بھی اہم ہے کہ پاکستان نے اس پورے عمل میں امن کو کمزوری کے بجائے حکمت کا حصہ بنایا۔ ہر ممکن کوشش کی گئی کہ حالات قابو میں رہیں اور کشیدگی میں اضافہ نہ ہو لیکن جب قومی مفاد اور خودمختاری کا سوال سامنے آیا تو جواب بھی اسی شدت اور وضاحت کے ساتھ دیا گیا جس کی ضرورت تھی۔ یہ توازن کسی بھی ذمہ دار ریاست کی اصل پہچان ہے۔ اس جھڑپ نے اس حقیقت کو بھی اجاگر کیا کہ اصل کامیابی درست وقت پر کیے گئے درست فیصلے سے حاصل ہوتی ہے، نپا تلا اور سوچا سمجھا اقدام حالات کو قابو میں رکھتا ہے اور انہیں بڑے بحران میں تبدیل ہونے سے روکتا ہے۔ سفارتی سطح پر پاکستان کے اقدامات نے عالمی رائے عامہ کو بھی متاثر کیا۔ اس سے یکطرفہ بیانیہ کمزور ہوا اور حقیقت زیادہ واضح انداز میں سامنے آئی۔ یہ بجا طور پر کہاجاسکتا ہے کہ گزشتہ سال کی یہ پاک بھارت کشیدگی محض عسکری یا سفارتی تصادم نہیں تھی بلکہ صبر، حکمت اور فیصلہ سازی کا ایک مکمل امتحان تھی۔ اس امتحان میں جذباتی اور غیر متوازن حکمت عملی ناکام ہوئی جبکہ سوچا سمجھا،حقیقت پسندانہ اور منظم ردعمل صورتحال کا رخ بدلنے میں کامیاب رہا۔ پاکستان کی حکمت عملی نے دنیا اور بالخصوص بھارت پرثابت کردیاکہ کامیابی ہمیشہ اسی کے حصے میں آتی ہےجو عسکری طاقت کے ساتھ ساتھ حقیقت، توازن اور تدبر کے ساتھ کھڑا رہتا ہے۔