Search
Close this search box.
پیر ,22 جون ,2026ء

بلوچستان کے مستقبل کی جگمگاتی راہیں

رقبے کے اعتبار سے پاکستان کا سب سے بڑا صوبہ بلوچستان ایک منفرد شناخت رکھتا ہے۔ بلوچ قوم اپنی غیرت، روایات، وفاداری، مہمان نوازی اور جرأت کے باعث ہمیشہ احترام کی نگاہ سے دیکھی جاتی ہے۔یہاں کے لوگ سادہ مزاج ضرور ہیں مگر ان کے دل سمندر کی طرح وسیع ہیں۔ بدقسمتی سے خطہ طویل عرصے تک محرومیوں اور پسماندگی کا شکار رہا، مگروقت نے ایک نیا رخ اختیار کیا ہے اور گوادر کی صورت میں بلوچستان عالمی اقتصادی منظرنامے میں ایک نئی امید کے طور پر ابھر رہا ہے۔ کبھی ایک خاموش ماہی گیر بستی کہلانے والا گوادر آج چین پاکستان اقتصادی راہداری یعنی سی پیک کے باعث ترقی، تجارت اور علاقائی روابط کی نئی علامت بن چکا ہے۔ گوادر پورٹ کو سی پیک کا فلیگ شپ منصوبہ قرار دیا جاتا ہے اور یہ محض ایک بندرگاہ نہیں بلکہ پاکستان کے روشن معاشی مستقبل کا دروازہ ہے۔ بحیرہ عرب کے کنارے قائم یہ جدید بندرگاہ گہرے پانیوں کی بدولت بڑے کارگو جہازوں اور آئل ٹینکرز کو سنبھالنے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے، جس کے باعث یہ خطے کی اہم ترین بندرگاہوں میں شمار ہونے لگی ہے۔ آج دنیا کی معیشت کا بڑا انحصار سمندری تجارت پر ہے اور گوادر پاکستان کو اسی عالمی اقتصادی دھارے سے جوڑنے کا ذریعہ بن رہا ہے۔ ۔ یہی وجہ ہے کہ سی پیک کو نہ صرف پاکستان اور چین بلکہ پورے خطے کے لیے گیم چینجر قرار دیا جا رہا ہے۔ گوادر کی ترقی صرف بندرگاہ تک محدود نہیں بلکہ اس کے ساتھ جدید انفراسٹرکچر، شاہراہوں، تعلیمی اداروں، اسپتالوں، توانائی منصوبوں اور فنی تربیت کے مراکز کا ایک وسیع جال بچھایا جا رہا ہے۔ گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ اسی ترقیاتی وژن کی ایک روشن مثال ہے۔ جدید ترین سہولیات سے آراستہ یہ فور ایف گریڈ ایئرپورٹ دنیا کے بڑے سول طیاروں کو سنبھالنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ ایک وقت تھا جب بلوچستان کے دور افتادہ علاقوں تک رسائی دشوار سمجھی جاتی تھی مگر آج یہی خطہ عالمی فضائی رابطوں سے جڑنے جا رہا ہے۔ اس ایئرپورٹ کی تعمیر نہ صرف تجارتی سرگرمیوں کو فروغ دے گی بلکہ سیاحت، سرمایہ کاری اور روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا کرے گی۔ بلوچستان کے نوجوان باصلاحیت، محنتی اور غیر معمولی صلاحیتوں کے حامل ہیں۔ اگر انہیں مناسب مواقع، معیاری تعلیم اور جدید تربیت فراہم کی جائے تو وہ پاکستان کی ترقی میں ریڑھ کی ہڈی ثابت ہو سکتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ سی پیک کے تحت سماجی ترقی کے منصوبوں کو بھی خصوصی اہمیت دی گئی ہے۔ گوادر کا فقیر اسکول اس حقیقت کی روشن مثال ہے کہ تعلیم کو ترقی کی بنیاد سمجھا جا رہا ہے۔ ایک چھوٹے پرائمری اسکول سے ہائی اسکول تک اپ گریڈ ہونے والا یہ ادارہ آج سینکڑوں بچوں کے خوابوں کی تعبیر بن رہا ہے۔ بلوچستان کے بچوں کی آنکھوں میں آج بھی بہتر مستقبل کے خواب روشن ہیں اور یہی خواب اس سرزمین کی اصل طاقت ہیں۔ تعلیم ہی وہ روشنی ہے جو جہالت، غربت اور پسماندگی کے اندھیروں کو ختم کر سکتی ہے۔ اسی طرح صحت کے شعبے میں چین پاکستان دوستی اسپتال گوادر امید کی نئی کرن بن کر سامنے آیا ہے۔ ہزاروں مریضوں کو علاج کی سہولت فراہم کرنے والا یہ اسپتال بلوچستان کے عوام کے لیے ایک بڑی نعمت ثابت ہو رہا ہے۔ ماضی میں معمولی بیماریوں کے علاج کے لیے بھی لوگوں کو دور دراز شہروں کا رخ کرنا پڑتا تھا مگر اب جدید طبی سہولیات مقامی سطح پر دستیاب ہو رہی ہیں۔ گوادر میں پینے کے صاف پانی کی قلت ایک دیرینہ مسئلہ رہی ہے، مگر گوادر سی واٹر ڈیسالینیشن پلانٹ نے اس مسئلے کے حل کی جانب ایک اہم قدم اٹھایا ہے۔ روزانہ ہزاروں ٹن سمندری پانی کو صاف کر کے پینے کے قابل بنایا جا رہا ہے جس سے مقامی آبادی کو ریلیف ملا ہے۔ پانی زندگی کی بنیادی ضرورت ہے اور جب کسی علاقے میں صاف پانی میسر ہو تو وہاں صحت، زراعت اور مجموعی معیارِ زندگی بہتر ہوتا ہے۔ اسی طرح توانائی کے شعبے میں بھی سی پیک نے پاکستان کو نئی قوت بخشی ہے۔ برسوں تک لوڈشیڈنگ اور توانائی بحران کا شکار رہنے والے ملک میں بجلی کے متعدد منصوبوں نے صنعتوں، کاروبار اور گھریلو زندگی کو استحکام دیا ہے۔ سی پیک دراصل پاکستان اور چین کی لازوال دوستی کا عملی اظہار بھی ہے۔ پاک چین تعلقات ہمیشہ اعتماد، اخلاص اور باہمی تعاون پر مبنی رہے ہیں اور چین نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا۔ آج دنیا ایک نئی معاشی صف بندی سے گزر رہی ہے جہاں طاقت کا مرکز صرف اسلحہ نہیں بلکہ تجارت، ٹیکنالوجی اور علاقائی روابط بن چکے ہیں۔ اگر درست حکمت عملی، شفافیت اور مستقل مزاجی کے ساتھ آگے بڑھا جائے تو گوادر مستقبل میں دبئی، سنگاپور اور شنگھائی جیسے عالمی تجارتی مراکز کا مقابلہ کر سکتا ہے۔ بلوچ عوام نے ہمیشہ پاکستان کی سلامتی، وحدت اور استحکام کے لیے قربانیاں دی ہیں اور ان کی حب الوطنی کسی تعارف کی محتاج نہیں۔ بلوچستان کی مٹی میں وفا کی خوشبو ہے، اس کے پہاڑ عظمت کی علامت ہیں اور اس کے لوگ خلوص، محبت اور بہادری کی جیتی جاگتی تصویر ہیں۔ چین کے تعاون سے قائم ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل انسٹیٹیوٹ اسی وژن کی عکاسی کرتا ہے جہاں نوجوانوں کو جدید فنی مہارتیں سکھائی جا رہی ہیں تاکہ وہ مستقبل کی صنعتوں اور کاروباری شعبوں میں اپنا کردار ادا کر سکیں۔ سی پیک اب ایک نئے مرحلے یعنی“سی پیک 2.0”میں داخل ہو رہا ہے جہاں صرف انفراسٹرکچر نہیں بلکہ صنعتی ترقی، زرعی تعاون، گرین انرجی، ٹیکنالوجی اور سماجی بہبود کے منصوبوں پر توجہ دی جا رہی ہے۔سی پیک دراصل بیلٹ اینڈ روڈ انیشیٹو (BRI)کا فلیگ شپ منصوبہ ہے جو نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے کے لئے ترقی، خوشحالی اور اقتصادی استحکام کی نئی راہیں متعین کر رہا ہے۔ آج گوادر کے ساحل پر کھڑے ہو کر محسوس ہوتا ہے کہ تاریخ ایک بار پھر قدیم شاہراہِ ریشم کو نئے انداز میں زندہ ہوتے دیکھ رہی ہے۔ فرق صرف اتنا ہے کہ اب اونٹوں کے قافلوں کی جگہ جدید بحری جہاز، شاہراہیں اور اقتصادی راہداریاں لے چکی ہیں۔ سمندر کی لہریں جیسے اس خواب کی گواہی دے رہی ہیں کہ بلوچستان مستقبل میں ترقی، خوشحالی اور عالمی تجارت کی نئی علامت بننے جا رہا ہے اور وہ دن دور نہیں جب یہی سرزمین پاکستان کی معاشی طاقت، قومی وحدت اور روشن مستقبل کا سب سے مضبوط استعارہ بن کر دنیا کے سامنے ابھرے گی۔

یہ بھی پڑھیں