گجرات(ویب ڈیسک )دنیا کے امیر ترین ممالک یا شہروں کی فہرست سے تو آپ بخوبی واقف ہوں گے لیکن کیا آپ کو معلوم ہے کہ دنیا کا امیر ترین گاؤں کِس ملک میں واقع ہے؟
ایک رپورٹ کے مطابق دنیا کا امیر ترین گاؤں بھارتی ریاست گجرات میں واقع ہے، ریاست گجرات بھارت میں کاروباری سرگرمیوں کا مرکز سمجھی جاتی ہے۔
بھارت کے کئی نامور صنعت کار بھی گجرات میں پیدا ہوئے ہیں لیکن شاید آپ کو یہ جان کر حیرت ہوگی کہ خوشحالی اور دولت صرف گجرات کے شہروں تک محدود نہیں ہے۔
گجرات کے ضلع کچھ میں واقع گاؤں مدھاپر ‘ایشیا کا امیر ترین گاؤں’ کے طور پر جانا جاتا ہے، جہاں معاشی خوشحالی غیرمعمولی ہے۔
اِس گاؤں کے رہائشیوں کے پاس 7 ہزار کروڑ بھارتی روپے کے فکسڈ ڈپازٹ ہیں، جس سے یہ اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ گاؤں والے کتنے امیر ہیں۔
مدھاپر میں زیادہ تر پٹیل برادری آباد ہے، اس کی آبادی لگ بھگ 32 ہزار نفوس پر مشتمل ہے جوکہ 2011 میں 17 ہزار تھی۔
گاؤں میں 17 بینک ہیں، جن میں بڑے سرکاری اور نجی بینک جیسے HDFC بینک، SBI، PNB، Axis Bank، ICICI بینک اور یونین بینک وغیرہ شامل ہیں۔
ایک ہی گاؤں میں بینکوں کی اتنی بڑی تعداد غیرمعمولی بات ہے لیکن اس کے باوجود کئی اور بینک بھی یہاں اپنی شاخیں کھولنے کے خواہاں ہیں۔
اس گاؤں میں دولت کی ریپل پیل کی وجہ یہ ہے کہ اوورسیز بھارتیوں کی بڑی تعداد کا تعلق اس گاؤں سے ہے جو ہر سال مقامی بینکوں میں کروڑوں روپے جمع کراتے ہیں۔
گاؤں میں تقریباً 20 ہزار گھر واقع ہیں لیکن یہاں کے تقریباً 1200 خاندان بیرون ملک مقیم ہیں، یہ لوگ زیادہ تر افریقی ممالک میں آباد ہیں۔
وسطی افریقہ میں کنسٹرکشن کے شعبے میں زیادہ تر گجراتیوں کا بہت زیادہ غلبہ ہے، اس خطے میں مقیم غیر ملکی آبادی کا ایک بڑا حصہ گجراتیوں پر ہی مشتمل ہے، گجرات کے بہت سے لوگ برطانیہ، آسٹریلیا، امریکا اور نیوزی لینڈ میں بھی مقیم ہیں۔
اس گاؤں کے بہت سے لوگ اگرچہ بیرون ملک مقیم ہیں اور وہیں کام کرتے ہیں لیکن وہ اپنے گاؤں سے ہمیشہ جڑے رہتے ہیں اور اپنا پیسہ بیرون ملک رکھوانے کے بجائے اپنے گاؤں کے بینکوں میں رکھوانے کو ہی ترجیح دیتے ہیں۔
گاؤں میں ایک نیشنلائزڈ بینک کے مقامی برانچ منیجر کا کہنا ہے کہ ‘بھاری مالی ذخائر نے اس گاؤں کو خوشحال بنا دیا ہے، یہاں صاف پانی، صفائی اور پکی سڑکوں جیسی تمام بنیادی سہولیات موجود ہیں، یہاں بنگلے، سرکاری و نجی اسکول، خوبصورت جھیلیں اور مندر بھی موجود ہیں’۔
مزیدپڑھیں :ارباز خان کے بیٹے نے سلمان خان پر ہاتھ کیوں اٹھایا؟
