Search
Close this search box.
جمعرات ,04 جون ,2026ء

دل ہونا چاہیداجوان:90 سالہ بابادلہنیا بیاہ لایا

پشاور(نیوز ڈیسک)خیبرپختونخوا کے ضلع شانگلہ کے شہر بشام میں ایک غیر معمولی مگر دلچسپ واقعہ پیش آیا، جہاں چار بیٹوں نے اپنے 90 سالہ والد کی دیرینہ خواہش کو پورا کرتے ہوئے ان کی دوسری شادی کروا دی۔ یہ واقعہ نہ صرف مقامی سطح پر توجہ کا مرکز بنا بلکہ سوشل میڈیا پر بھی خوب چرچا رہا۔

تفصیلات کے مطابق مولانا سیف اللہ نامی بزرگ کی شادی کی تقریب میں اہلِ خانہ، رشتہ داروں، دوستوں، پوتے پوتیوں اور نواسوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ بیٹوں نے والد کے جذبات کا بھرپور خیال رکھتے ہوئے ان کے لیے رشتہ ڈھونڈا اور عزت و احترام کے ساتھ نکاح کی تقریب منعقد کی۔

90 سالہ دولہا کا نکاح 55 سالہ خاتون سے انجام پایا، اور حق مہر ایک تولہ سونا مقرر کیا گیا۔ اگرچہ تقریب سادگی سے ہوئی، مگر یہ جذبات اور خاندانی یکجہتی کی ایک منفرد مثال بن گئی۔

اس موقع پر مقامی لوگوں نے اس شادی کو ”مثالی“ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اولاد کا والد کے جذبات کا خیال رکھنا قابلِ ستائش ہے، اور یہ واقعہ معاشرتی سوچ کو وسعت دینے کے لیے ایک مثبت پیغام رکھتا ہے۔

عام طور پر معاشرتی روایات میں بوڑھے افراد کی دوسری شادی کو عجیب نظروں سے دیکھا جاتا ہے، لیکن اس واقعے میں نہ صرف والد کی خواہش کا احترام کیا گیا بلکہ پورے خاندان نے اس دن کو خوشی سے منایا۔

بیٹوں کا یہ اقدام معاشرتی اقدار میں ایک نرم گوشے کی یاد دہانی ہے کہ بزرگوں کی خوشی بھی اتنی ہی اہم ہے جتنی نوجوانوں کی۔

مولانا سیف اللہ کی یہ انوکھی شادی اب پورے علاقے میں موضوعِ گفتگو بن چکی ہے، اور لوگ اسے محبت، احترام اور خاندان کے رشتوں کی ایک نایاب مثال قرار دے رہے ہیں۔

جناح ہاؤس حملہ کیس سے متعلق بڑی خبر، سپریم کورٹ نے ملزم رضا علی کی ضمانت منظور کرلی

یہ بھی پڑھیں