بیجنگ (انٹرنیشنل ڈیسک) چین میں ایک طالبہ کی قدرتی خوبصورتی اس کے لیے غیر متوقع مسئلہ بن گئی، جب داخلہ امتحان کے دوران ممتحن نے اسے بار بار میک اپ اتارنے پر مجبور کیا۔ یہ انوکھا واقعہ بیجنگ کی کمیونیکیشن یونیورسٹی آف چائنا (CUC) کی طالبہ ہو شِن یی (Hu Xinyi) کے ساتھ پیش آیا۔
رپورٹس کے مطابق، ہو شِن یی نے رواں سال جنوری میں آرٹس کے داخلہ امتحان میں بغیر میک اپ شرکت کی، مگر اس کی جاذبِ نظر شخصیت نے ممتحنین کو شکوک میں ڈال دیا۔ ممتحن نے نہ صرف پانچ بار اسے چہرہ صاف کرنے کو کہا بلکہ ایک موقع پر اس کی پلکیں کھینچ کر یہ جانچنے کی کوشش بھی کی کہ آیا وہ اصلی ہیں یا مصنوعی۔
یہ واقعہ سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا اور صارفین میں گرما گرم بحث کا باعث بنا۔ بعض نے اس کی خوبصورتی کو مصنوعی قرار دیا جبکہ کئی نے سوال اٹھایا کہ کیا واقعی اس کے خد و خال قدرتی ہیں۔ تاہم، بچپن کی تصاویر منظرِ عام پر آنے کے بعد یہ واضح ہوگیا کہ اس کے چہرے کی خصوصیات — دوہری پلکیں، باریک جبڑا اور اونچی ناک — بچپن سے ہی اسی طرح تھیں۔
تمام تنازعات کے باوجود، ہو شِن یی نے اپنی قابلیت سے ناقدین کو حیران کردیا۔ اس نے براڈکاسٹنگ اور ہوسٹنگ آرٹس کے امتحان میں 274 نمبر حاصل کرکے بیجنگ میں ٹاپ پوزیشن حاصل کی اور قومی سطح پر 17ویں نمبر پر آئی۔
اپنے Douyin اکاؤنٹ (جہاں اس کے 4 لاکھ سے زائد فالوورز ہیں) پر ہو شِن یی نے ایک بار پھر واضح کیا: “میری کوئی سرجری نہیں ہوئی، لہٰذا ایسے سوالات پوچھنا بند کریں۔”
یہ واقعہ نہ صرف طالبہ کی غیرمعمولی خوبصورتی کو زیرِ بحث لے آیا بلکہ چین میں امتحانی عمل اور خوبصورتی کے حوالے سے معاشرتی رویوں پر بھی بحث چھیڑ گیا ہے۔
مزیدپڑھیں:آج بروزہفتہ 04اکتوبر 2025 ڈالرکی تازہ ترین قیمت
