بیجنگ(انٹرنیشنل ڈیسک)جنوبی چین سے تعلق رکھنے والے ایک جوڑے نے انٹرنیٹ صارفین کو اپنی وائرل تصاویر اور ویڈیوز سے دنگ کر دیا ہے۔
اس کی وجہ یہ ہے کہ وہ دونوں دیکھنے میں ایک جیسے ہی نظر آرہے ہیں اور لوگوں نے تو قیاس آرائی شروع کر دی وہ بچپن میں بچھڑ جانے والے جڑواں بہن بھائی ہیں۔
چین کے صوبے گوانگ ڈونگ کے علاقے Dongguan سے تعلق رکھنے والے ہیشیان شینگ اور ان کی اہلیہ لیانگ شیاؤ دونوں کی عمریں 20 سے 30 سال کے درمیان ہے۔
ان دونوں کو چینی سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر تصاویر اور ویڈیوز شیئر کرنے پر شہرت حاصل ہوئی ہے کیونکہ ان کے چہرے حیران کن حد تک ایک دوسرے سے ملتے جلتے نظر آتے ہیں۔
ایسی ایک ویڈیو میں پوچھا گیا تھا کہ ‘شوہر کون ہے، بیوی کون ہے؟’، جس میں دونوں نے ایک جیسی بالوں کی وگیں پہنی ہوئی ہیں اور ایک دوسرے کے تاثرات کی نقل کرتے ہوئے ایک ساتھ کھڑے ہیں اور ایک جیسے ہی نظر آرہے ہیں۔
ایک اور ویڈیو میں اہلیہ کی جانب سے شوہر کو میک اپ کرکے اپنے جیسا بنایا۔
لیانگ کے مطابق ہم دونوں کا تعلق مختلف خاندانوں سے ہے جو ہربل ادویات کے کاروبار سے جڑے ہوئے ہیں۔

شوہر میک اپ کرکے ہو بہو بیوی کی طرح دکھنے لگا، شناخت کرنا بھی چیلنج بن گیا
انہوں نے بتایا کہ ہم ایک دوسرے سے اتفاقی طور پر ملے اور چند ماہ بعد شادی کرلی۔
شادی کے بعد انہوں نے 2023 میں ہربل ادویات کی ایک دکان کو شراکت داری سے کھولا۔
لیانگ نے بتایا کہ ‘جب ہم پہلی بار ملے تو اس وقت ہم نے نہیں سوچا تھا کہ ہم دیکھنے میں ایک جیسے نظر آتے ہیں’۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ‘شادی کے کچھ عرصے بعد بتدریج مجھے احساس ہونے لگا کہ ہماری شکلیں ایک دوسرے سے ملتی جلتی ہیں، جبکہ گزشتہ 2 برسوں سے ہم لگ بھگ 24 گھنٹے ساتھ ہوتے ہیں، میرے خیال میں اس وجہ سے ہم دونوں بہت زیادہ ایک جیسے نظر آنے لگے ہیں’۔
ویسے تو آغاز میں ہیشیان شینگ کو بیوی جیسے ملبوسات پہننے کا خیال پسند نہیں آیا مگر پھر انہیں لگا کہ اس سے ان کے ہربل ادویات کے کاروبار کو فائدہ ہوگا۔
ان ویڈیوز سے ان کے کاروبار کو بھی فائدہ ہوا ہے۔
