Search
Close this search box.
اتوار ,07 جون ,2026ء

باروقت لون ایپ متاثرین کیلئے اسلام آباد ہائی کورٹ کا بڑا ریلیف

باروقت لون ایپ

اسلام آباد ہائی کورٹ نے باروقت لون ایپ سے متاثرہ لاکھوں صارفین کیلئے اہم پیش رفت کرتے ہوئے قرضوں کی واپسی اور کریڈٹ ریکارڈ کلیئرنس کا باضابطہ راستہ کھول دیا ہے۔ عدالت نے سیڈکریڈ فنانشل سروسز لمیٹڈ کی ونڈنگ اپ کارروائی کے دوران آفیشل لیکویڈیٹر کو 7 لاکھ 50 ہزار سے زائد قرض دہندگان سے بقایا رقوم وصول کرنے اور ان کے ریکارڈ کلیئر کرنے کا طریقہ کار تیار کرنے کی اجازت دے دی۔

عدالتی فیصلے کے مطابق سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) اور کریڈٹ بیوروز “تصدیق” اور “ڈیٹا چیک” آفیشل لیکویڈیٹر کے ساتھ مل کر ایسا نظام تشکیل دیں گے جس کے تحت صارفین اپنے بقایا قرضے جمع کرا کے اپنی ڈیفالٹ ہسٹری ختم کروا سکیں گے۔

ذرائع کے مطابق اس معاملے میں ایس ای سی پی کی نئی انتظامیہ نے اہم کردار ادا کیا اور قانونی و ریگولیٹری کارروائی کو آگے بڑھاتے ہوئے متاثرین کیلئے قابل عمل حل نکالنے میں مدد فراہم کی۔

باروقت لون ایپ بند ہونے کے بعد ہزاروں افراد شدید پریشانی کا شکار تھے کیونکہ وہ اپنے قرضے واپس کرنے اور کریڈٹ ریکارڈ درست کروانے کیلئے کسی باضابطہ فورم کا انتظار کر رہے تھے۔ عدالت نے ایس ای سی پی کو ہدایت کی ہے کہ اردو اور انگریزی اخبارات میں عوامی نوٹس جاری کیے جائیں تاکہ تمام متاثرہ افراد ادائیگی کے طریقہ کار سے آگاہ ہو سکیں۔

عدالت نے مزید ہدایت کی کہ تمام رقوم آفیشل لیکویڈیٹر کے نامزد اکاؤنٹ میں جمع کروائی جائیں گی جبکہ اسٹیٹ بینک، ایف آئی اے اور ایف بی آر کو بھی لیکویڈیشن عمل میں مکمل تعاون فراہم کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ باروقت پاکستان کی بڑی ڈیجیٹل لون ایپس میں شامل تھی، تاہم کمپنی پر مبینہ منی لانڈرنگ، کمپلائنس خلاف ورزیوں اور سخت ریکوری طریقوں کے الزامات کے بعد ایپ غیر فعال ہو گئی تھی۔

یہ بھی پڑھیں