Search
Close this search box.
منگل ,23 جون ,2026ء

سعودی حکومت نے حج 2027 کی پالیسی اور مکمل ٹائم لائن جاری کر دی

حج 2027 پالیسی

سعودی حکومت نے حج 2027 پالیسی اور اس سے متعلق مکمل ٹائم لائن جاری کر دی ہے تاکہ دنیا بھر کے حج مشنز اور ٹور آپریٹرز بروقت تیاریوں کا آغاز کر سکیں۔ حج 2026 کی تکمیل کے فوری بعد سعودی وزارت حج و عمرہ نے آئندہ حج کے انتظامات سے متعلق اہم ہدایات جاری کر دی ہیں۔

سعودی وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر توفیق الربیعہ کے مطابق 15 محرم سے حج کا ڈیجیٹل نظام دوبارہ فعال کر دیا جائے گا۔ تمام ممالک اور حج مشنز کو ہدایت کی گئی ہے کہ 15 ستمبر 2026 تک عازمین حج کی بکنگ مکمل کر کے تمام معلومات نظام میں درج کرنا لازمی ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک سے قبل حج کے تمام انتظامی امور مکمل کرنے کے ساتھ ساتھ عازمین کے ویزوں کا اجرا بھی یقینی بنانا ہوگا تاکہ آخری وقت میں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

سعودی حکام کے مطابق حج 2027 پالیسی میں وہی جدید ڈیجیٹل نظام برقرار رکھا جائے گا جو حج 2026 میں متعارف کرایا گیا تھا۔ تمام مالی ادائیگیاں، رجسٹریشن اور انتظامی مراحل بھی اسی نظام کے تحت انجام دیے جائیں گے۔

واضح رہے کہ گزشتہ برس سعودی ٹائم لائن پر مکمل عمل درآمد نہ ہونے کے باعث پاکستان سمیت مختلف ممالک کے لاکھوں عازمین حج سے محروم رہ گئے تھے۔ اسی تجربے کو مدنظر رکھتے ہوئے سعودی حکومت نے اس بار تمام مراحل کے لیے واضح اور سخت شیڈول جاری کیا ہے۔

وزارت حج و عمرہ کا کہنا ہے کہ حج مشنز اور متعلقہ اداروں کو نئی ہدایات سے آگاہ کر دیا گیا ہے جبکہ مزید تفصیلات جلد سرکاری ویب پورٹل پر جاری کی جائیں گی۔ حکام کے مطابق بروقت رجسٹریشن اور مقررہ شیڈول پر عمل درآمد حج انتظامات کی کامیابی کے لیے ناگزیر ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں