Search
Close this search box.
پیر ,22 جون ,2026ء

پاکستان کا اقوام متحدہ کی اسرائیلی سرگرمیوں پر جاری رپورٹ کا خیرمقدم

اسلام آباد(رضوان عباسی )ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے اقوام متحدہ کی خصوصی کمیٹی کی اسرائیلی سرگرمیوں پر جاری رپورٹ کا خیرمقدم کیا اور غزہ پر قرارداد کے ویٹو پر افسوس کا اظہار کیا۔ مقبوضہ کشمیر کے عوام، بالخصوص بچوں کی حالت زار کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ یہ مسائل عالمی توجہ کے منتظر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مشرقی ایشیائی ممالک میں پاکستانی شہریوں کے اغوا اور جبری مشقت کے کیسز سے آگاہ ہیں اور اس حوالے سے پاکستانی سفارت خانے ان ممالک کے ساتھ رابطے میں ہیں، ترجمان نے پاکستانی شہریوں کو متنبہ کیا کہ وہ بیرون ملک پرکشش ملازمتوں کی پیشکش قبول کرنے سے قبل ان کی تصدیق یقینی بنائیں تاکہ کسی بھی قسم کے دھوکے سے بچا جا سکے۔

ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے ہفتہ وار پریس بریفنگ میں ملکی و بین الاقوامی معاملات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ رواں ہفتے پاکستان نے متعدد اہم غیر ملکی وفود کی میزبانی کی۔ترجمان کے مطابق اسپین کی پارلیمان کے ایک وفد نے پاکستان کا دورہ کیا اور اسپیکر قومی اسمبلی، سیکرٹری خارجہ، اور دیگر اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کیں۔

برطانوی پارلیمانی انڈر سیکرٹری آف اسٹیٹ، ہمیش فالکنر نے بھی پاکستان کا دورہ کیا اور دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مضبوط کرنے پر بات چیت کی۔ترجمان نے بتایا کہ پاکستان اور قازقستان کے درمیان تیسری باہمی سیاسی مشاورت کا دور کامیابی سے منعقد ہوا، جبکہ پاکستان-یورپی یونین مشترکہ ٹریڈ کمیشن کا 14واں سیشن اسلام آباد میں جاری ہے۔

ترجمان نے مزید کہا کہ وزیراعظم کی دعوت پر بیلاروس کے صدر الیگزینڈر لوکا شینکو 25 سے 27 نومبر تک پاکستان کا دورہ کریں گے۔ اس دورے کے دوران کئی اہم معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط متوقع ہیں۔

علاقائی صورتحال پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے ترجمان نے افغانستان میں دہشت گرد گروہوں کی محفوظ پناہ گاہوں اور ان کو ملنے والی بیرونی حمایت پر شدید تحفظات کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان متعدد بار افغان انتظامیہ کو ان دہشت گرد گروہوں کے خلاف کارروائی کی اہمیت سے آگاہ کر چکا ہے، کیونکہ یہ نہ صرف افغانستان بلکہ ہمسایہ ممالک کے لیے بھی خطرہ ہیں۔ممتاز زہرا بلوچ نے کہا کہ چین اور روس کے نمائندہ خصوصی برائے افغانستان نے حالیہ دورہ پاکستان کے دوران ایڈیشنل سیکرٹری مغربی ایشیا احمد نسیم وڑائچ سے ملاقات کی،

ملاقات میں علاقائی سلامتی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔ترجمان نے وضاحت کی کہ متحدہ عرب امارات کی جانب سے پاکستانیوں پر کوئی ویزا پابندی عائد نہیں کی گئی، جبکہ امریکہ میں گرفتار آصف مرچنٹ کے معاملے پر معلومات کی منتقلی کا انتظار کیا جا رہا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستانی شہریوں کو متنبہ کیا کہ وہ بیرون ملک پرکشش ملازمتوں کی پیشکش قبول کرنے سے قبل ان کی تصدیق یقینی بنائیں تاکہ کسی بھی قسم کے دھوکے سے بچا جا سکے۔دفتر خارجہ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان وسطی ایشیا کے ساتھ توانائی اور ریلویز کے ذریعے علاقائی منسلکی کے فروغ کے لیے پرعزم ہے اور اس ضمن میں ٹھوس اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
سینئر جج انسداد دہشتگردی عدالت امجد علی شاہ اڈ یالہ جیل پہنچ گئے

یہ بھی پڑھیں