لاہور( اوصاف نیوز)آئی جی پنجاب عثمان انور نے صوبے میں ڈالہ کلچر کے خلاف کارروائی کا اعلان کر دیا۔
آئی جی پنجاب عثمان انور نے سی سی ڈی حکام کے ساتھ نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں ڈالا کلچر کا خاتمہ کیا جا رہا ہے، شوٹرز اور گینگ مافیاز کا بھی خاتمہ کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبے میں کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ تشکیل دیا ہے، وزارت عظمیٰ سنبھالتے ہی محکمہ پولیس پر خصوصی توجہ دی گئی۔
آئی جی پنجاب کا کہنا تھا کہ جدید ڈرون سسٹم متعارف کرایا ہے، صوبے میں سرگرم گینگز کو گرفتار کیا گیا ہے، پولیس کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے اقدامات کیے گئے ہیں۔
عثمان انور نے کہا کہ صوبے میں جرائم میں 70 فیصد کمی آئی ہے۔
علاوہ ازیں ایڈیشنل آئی جی سی سی ڈی سہیل ظفر چٹھہ نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایات پر پنجاب کو اسلحہ سے پاک کیا جا رہا ہے، قتل کی وارداتوں میں 49 فیصد اور گاڑی چھیننے کی وارداتوں میں 62 فیصد کمی آئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسلحے کے خاتمے سے جرائم میں 75 فیصد کمی آئے گی، غیر قانونی اسلحہ جمع کرانے کے لیے 15 دن کی مہلت دی گئی ہے، رضاکارانہ طور پر اسلحہ جمع کرانے پر کوئی قانونی کارروائی نہیں کی جائے گی۔
سہیل ظفر چٹھہ نے کہا کہ سی سی ڈی صوبے بھر میں جرائم پر زیرو ٹالرنس کی پالیسی اپنا رہی ہے، سی سی ڈی جرائم کے خاتمے کے لیے پولیس کے ساتھ مل کر کام کر رہی ہے۔
مزید پڑھیں:عمران خان سےملاقات! سیاسی جلسہ گاہ کی شکل نہیں دی جائے گی،نیئر حسین بخاری
