Search
Close this search box.
جمعه ,12 جون ,2026ء

سی ٹی ڈی تھانے میں دھماکا، ایک اہلکار شہید، دو زخمی

پشاور (اوصاف نیوز) پشاور کے مصروف علاقے یونیورسٹی روڈ پر واقع کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کے تھانے میں آج صبح زور دار دھماکا ہوا،

جس کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار شہید جبکہ دو دیگر اہلکار زخمی ہوگئے۔ایس ایس پی آپریشنز پشاور مسعود بنگش کے مطابق دھماکا تھانے کی عمارت کے اندر ہوا، جس سے عمارت کے ایک حصے کو شدید نقصان پہنچا۔ امدادی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں اور زخمی اہلکاروں کو قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق دھماکے کی نوعیت کا تعین کیا جا رہا ہے۔ پولیس اور بم ڈسپوزل یونٹ (بی ڈی یو) نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کرنا شروع کر دیے ہیں۔
سی سی پی او پشاور میاں سعید کے مطابق ابتدائی تجزیے میں یہ واقعہ دہشت گردی کا نہیں لگتا بلکہ پرانے دھماکا خیز مواد کے اچانک پھٹنے سے پیش آیا۔ انہوں نے بتایا کہ دھماکے کے باعث ایک سی ٹی ڈی اہلکار شہید اور دو اہلکار زخمی ہوئے، جنہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا۔

پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ واقعے کے بعد تھانے میں موجود زیرِ حراست ملزمان کو حفاظتی اقدامات کے تحت سی ٹی ڈی ہیڈکوارٹرز منتقل کر دیا گیا ہے۔

ایس ایس پی مسعود بنگش نے مزید بتایا کہ واقعے کی تحقیقات مختلف پہلوؤں سے کی جا رہی ہیں تاکہ دھماکے کی اصل وجوہات اور ذمہ داروں کا تعین کیا جا سکے۔سیکیورٹی اداروں نے دھماکے کے بعد شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر سیکیورٹی مزید سخت کر دی ہے۔

مزید پڑھیں : عمران خان کی رہائی ،پی ٹی آئی کی نے نئی حکمت عملی کیا؟

یہ بھی پڑھیں