اسلام آباد (اوصاف نیوز) بیرون ملک ملازمت کے لیے جانے والے پاکستانیوں کے لیے خوشخبری ہے۔ وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے واضح کیا ہے کہ ورک ویزے پر سفر کرنے والے شہریوں کے لیے کوئی نیا حلف نامہ یا اضافی شرائط متعارف نہیں کرائی گئیں۔
یہ اعلان وفاقی وزیر برائے سمندر پار پاکستانیز چوہدری سالک حسین کی زیر صدارت ایک اعلیٰ سطحی اجلاس میں کیا گیا۔ ایف آئی اے حکام نے وضاحت کی کہ گریڈ 18 یا 19 کے افسر کے دستخط شدہ بیان حلفی کی خبریں بے بنیاد ہیں اور اس کا کوئی سرکاری وجود نہیں ہے۔
ڈی جی ایف آئی اے رفعت مختار نے کہا کہ لاہور اور کراچی ایئرپورٹس پر کچھ مسافروں کو حادثاتی طور پر اتار دیا گیا، تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے، ذمہ دار اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
چوہدری سالک حسین نے ہدایت کی کہ کوئی بھی پاکستانی شہری جس کے پاس ورک ویزہ یا پروٹیکٹر سرٹیفکیٹ ہو ائیرپورٹ پر غیر ضروری طور پر نہ روکا جائے۔ انہوں نے کہا کہ بیرون ملک مقیم ورکرز پاکستانی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں اور ان کے ساتھ عزت اور وقار سے پیش آنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔
اس وضاحت کے بعد اوورسیز ورکرز اور ٹریول ایجنٹس نے اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ ایف آئی اے نے یقین دہانی کرائی ہے کہ حقیقی مسافروں کو مکمل سہولت اور شفاف طریقہ کار کی فراہمی جاری رہے گی۔
مزید پڑھیں:ویمن ٹیم میں وہاب ریاض؟ پی سی بی نے خاموشی توڑ دی!


