انڈیا (اوصاف نیوز)بھارتی ریاست آسام میں حکومت نے ایک تاریخی فیصلہ کرتے ہوئے ایک سے زائد شادیوں (پولیگامی) پر مکمل پابندی عائد کر دی ہے۔ نئے قانون کے تحت اگر کوئی شخص اپنی پہلی شادی ختم کیے بغیر یا قانونی طلاق کے بغیر دوسری شادی کرتا ہے تو اسے 7 سال تک قید کی سزا ہوسکتی ہے۔
آسام حکومت کے مطابق یہ قانون خواتین کے حقوق کے تحفظ، صنفی مساوات کے فروغ اور سماجی انصاف کی بحالی کے لیے بنایا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق “آسام پولیگامی پروہیبیشن بل 2025” کو ریاستی کابینہ نے منظور کر لیا ہے اور یہ 25 نومبر کو اسمبلی میں پیش کیا جائے گا۔ اس قانون کے تحت پولیس کو بغیر وارنٹ گرفتاری کا اختیار بھی حاصل ہوگا۔
حکومت نے واضح کیا ہے کہ یہ قانون ریاست کی مخصوص قبائلی برادریوں اور چھ روایتی علاقوں پر لاگو نہیں ہوگا تاکہ ان کی ثقافتی روایات متاثر نہ ہوں۔ مزید یہ کہ 2025 سے پہلے ہونے والی مسلم شادیاں اس قانون سے مستثنیٰ رہیں گی۔
وزیر اعلیٰ ہمنتا بسوا سرما نے کہا کہ یہ قانون خواتین کو استحصال سے بچانے اور انہیں سماجی و قانونی طور پر بااختیار بنانے کی ایک اہم پیش رفت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت ایک ایسے معاشرے کی تشکیل چاہتی ہے جہاں عورتیں باعزت، محفوظ اور مساوی حقوق کی حامل ہوں۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ آسام حکومت کا یہ فیصلہ پورے بھارت میں بحث کا باعث بنے گا، خاص طور پر ایسے وقت میں جب ملک کے مختلف حصوں میں یکساں سول کوڈ (Uniform Civil Code) پر بھی غور جاری ہے۔
مزید پڑھیں:
دہشت گردوں کا کیڈٹ کالج پر بزدلانہ حملہ

