سعودی عرب(اوصا ف نیوز)سعودی نیشنل سینٹر فار میٹالوجی نے ملک بھر میں جاری خراب موسم کے پیشِ نظر شدید بارشوں اور ممکنہ فلیش فلڈ کے حوالے سے انتباہ جاری کیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق منگل تک سعودی عرب کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارشیں متوقع ہیں
، جن سے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے اور سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔ تازہ ترین پیشگوئی کے مطابق بارشوں کا یہ سلسلہ مکہ، جدہ، مدینہ، تبوک، الجوف، شمالی سرحدی علاقہ، حائل، القصیم، ریاض، مشرقی صوبہ، الباحہ، عسیر اور جازان سمیت ملک کے وسیع حصے کو متاثر کرے گا۔ حکام نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ سرکاری ذرائع سے موسم کی اپ ڈیٹس حاصل کرتے رہیں،
سیلاب خیز وادیوں سے دور رہیں اور کم حدِ نگاہ کے دوران ڈرائیونگ میں خصوصی احتیاط کریں۔ ادھر مدینہ منورہ اور اس کے گردونواح میں موسمِ سرما کی پہلی بارش نے شہر کا موسم خوشگوار کر دیا، مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ خوب بارش ہوئی جس کے ساتھ ہی سردی کی شدت بڑھ گئی، مسجد نبویؐ میں بھی بارانِ رحمت برسی، جبکہ گنبدِ خضریٰ پر برستی بارش کے مناظر زائرین کے لیے روح پرور ثابت ہوئے
زائرین نے بارش کے دوران اللہ کا شکر ادا کرتے ہوئے دعائیں کیں۔ یہ بھی پڑھیں: آزاد کشمیر اسمبلی کا اہم اجلاس پیر کو طلب، تحریک عدم اعتماد پیش کی جائے گی محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بارشوں کی شدت مختلف علاقوں میں مختلف ہوسکتی ہے، تاہم کچھ خطوں میں شدید موسمی صورتحال کے نتیجے میں عارضی رکاوٹیں اور پانی بھراؤ پیدا ہوسکتا ہے۔
سعودی حکام کے مطابق تمام متعلقہ ادارے ہائی الرٹ پر ہیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں۔ عوام کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنی حفاظت کو ترجیح دیں اور سرکاری ہدایات پر مکمل عمل کریں۔ دوسری جانب محکمہ موسمیات کی رپورٹ کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک جبکہ پہا ڑی علاقوں میں شدید سرد رہےگا۔
پنجاب کےمیدانی علاقوں میں سموگ جبکہ چند مقامات پر ہلکی دھند پڑنے کا امکان ہے، پاکستان بھر میں آج اور کل کے دوران بارش کا کوئی امکان ظاہر نہیں کیا گیا۔
مزید پڑھیں:صدرِ مملکت نے آرمی، ایئرفورس، نیوی کےترمیمی بلز 2025ء کی منظوری دے دی


